بچوں کی جسمانی صحت میں کھیل کی اہمیت – جدید تحقیق کی روشنی میں

بچوں کی جسمانی صحت میں کھیل کی اہمیت – جدید تحقیق کی روشنی میں
(عبادہ عبداللطیف)

٭ آسٹریلیا کے ادارے چائلڈ ہیلتھ ریسرچ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیراکی سے کمسن بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما اور صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مغربی آسٹریلیا میں پرائمری سکولوں کے پاس سوئمنگ پول بنائے گئے جہاں بچوں کو چھ سال تک باقاعدگی سے تیراکی کا موقع دیا گیا۔ چھ سال کے دوران ان بچوں کے بارے میں جو معلومات حاصل کی گئیں، اُن سے ثابت ہوا کہ تیراکی کرنے والے 44فیصد بچے کان کے امراض میں مبتلا نہیں ہوئے، 51 فیصد کو جِلد کی بیماری لاحق نہیں ہوئی اور 63 فیصد سانس کی تکالیف سے محفوظ رہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ باقاعدگی سے تیراکی کرنے والے بچوں میں عزت نفس، دوسروں کے ساتھ مثبت رویہ اور سکول میں اُن کی حاضری اور تعلیمی کارکردگی بھی دوسروں کی نسبت بہتر رہی۔
٭ امریکی طبی ماہرین نے بچوں کی صحت کے معیار کے بارے میں ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ آؤٹ ڈور جسمانی سرگرمیاں مجموعی صحت کو برقرار رکھنے میں 70فیصد، معیاری غذا 20 فیصد اور پُرسکون نیند 10 فیصد تک اہم کردار ادا کرتی ہے۔ بچوں کے موٹاپے کے عالمی رجحانات اور زندگی کو لاحق خطرات کے موضوع پر ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ آؤٹ ڈور سرگرمیاں بچوں میں سیکھنے کی صلاحیت ، تخلیقی استعداد کار، ہڈیوں کی نشوونما، بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت اور اُن کے اعتماد میں اضافہ کرتی ہیں۔ اس تحقیق کے دوران اِن ڈور گیمز کے اثرات بھی معلوم کئے گئے تھے۔ اور اِن ڈور گیمز پر مبنی سرگرمیوں اور بچوں میں موٹاپے کے رجحانات میں گہرا تعلق پایا گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں