جدید عجائباتِ عالم: کرائسٹ دی ری ڈیمر

(مطبوعہ رسالہ اسماعیل اپریل تا جون 2014ء)

جدید عجائباتِ عالم: کرائسٹ دی ری ڈیمر
(ناصر محمود پاشا)

یسوع مسیح کا مجسمہ جو برازیل کے شہر ریو ڈی جینرو میں واقع ہے۔ یہ 38 میٹر (105 فٹ) لمبا اور 700 ٹن وزنی ہے۔ مجمسہ 700 میٹر (2296 فٹ) بلند کورکوویڈو پہاڑ کی چوٹی پر بنایا گیا ہے اور شہر پر چھایا محسوس ہوتا ہے۔ یہ پہاڑی شہر کے نواح میں پھیلے ٹیجوکا نیشنل پارک کا حصہ ہے۔
یہ مجسمہ صرف رومن کیتھولک کلیسا کی عظمت کا نشان ہی نہیں بلکہ راؤ ڈی جینیرو کی نشانی بھی بن چکا ہے۔ کورکوریڈو پر حضرت عیسیٰؑ کا مجسمہ تعمیر کرنے کا خیال ڈیڑھ سو سال قبل ایک کیتھولک راہب، پیڈروماریا کو آیا۔ اس نے برازیل کی شہزادی ازابیل سے درخواست کی کہ اسے شاہی خزانے سے معقول رقم دی جائے تاکہ وہ اپنی خواہش کو عملی جامہ پہنا سکے۔ تاہم شہزادی ایزابیل اپنے مسائل میں الجھی ہوئی تھی اور اس نے پیڈروکو ٹرخا دیا۔
1989ء میں جب برازیل جمہوریہ بنا تو مجسمہ بنانے کا منصوبہ سرد خانے میں چلا گیا۔ کیونکہ حکومت کی ایما پر چرچ اور مملکت علیحدہ ہوگئے۔ 1921ء میں ریوڈی جینیرو کے آرچ ڈاؤسیز نے یہ تجویز پیش کی کہ پہاڑ پر کوئی یادگار تعمیر کی جائے۔ بعدازاں راہبوں نے عطیات وصول کرنے کے لئے ایک عوامی میلے ’’سیماناڈومونومینٹو‘‘ کا اہتمام کیا۔ اس میلے میں رومن کیتھولکوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور دل کھول کر چندہ دیا۔ رقم جمع ہونے کے بعد یہ سوال سامنے آیا کہ یسوع مسیح کے مجسمے کا ڈیزائن کیسا ہونا چاہئے؟
ماہرین نے اس ضمن میں تین خیال پیش کئے۔ اول مجسمہ صلیب کے مانند ہو، دوم مسیح نے ہاتھ میں گلوب پکڑ رکھا ہو اور سوم وہ گھٹنوں کے بل جھکے ہوں۔ آخر راہبوں نے ایسا ڈیزائن منظور کرلیا جس میں حضرت عیسیٰؑ نے بازو پھیلا رکھے ہیں۔
اس مجسمے کو ڈیزائن کرنے کی ذمہ داری پولش نژاد فرانسیسی مجسمہ ساز ’’پال لنڈوسکی‘‘ کو سونپی گئی جبکہ اسے مقامی انجینئر، ہیٹور ڈیسلوا نے تعمیر کرویا۔ انجینئرز نے پہلے لنڈووسکی کے منصوبے کا جائزہ لیا اور پھر گفت و شنید سے طے پایا کہ اس مجسمہ کی ہیئت ایسی ہے کہ یہ سٹیل کے بجائے کنکریٹ سے تعمیر کیا جائے۔ مجسمے کی بیرونی تہوں میں سنگ صابون (Soap Stone) استعمال کیا گیا جو اپنی پائیداری اور خوبصورتی کے باعث مشہور ہے۔ اندرونی تہیں پتھر کی ہیں جو سویڈن کے شہر ملامو سے درآمد کیا گیا۔ 12؍اکتوبر 1931ء کو یہ مجسمہ عوام کے لئے کھول دیا گیا۔
نئے عجائبات میں اس کی شمولیت سے برازیل خصوصاً ریو ڈی جینیرو کے باشندے بہت خوش ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ برازیلی حکومت نے وسیع پیمانے پر یہ مہم چلائی تھی تاکہ اس مجسمے کو نئے عجائبات عالم میں شامل کیا جاسکے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں