حضرت حافظ محمد قاری صاحب جہلمیؓ

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 10اکتوبر 2011ء میں حضرت حافظ محمد قاری صاحبؓ (یکے از 313 ) ولد نور حسین صاحب راجپوت کا مختصر ذکرخیر شامل اشاعت ہے۔
آپ حضرت مولوی برہان الدین صاحب جہلمیؓ کے شاگرد تھے۔ گو کہ حضرت مولوی صاحبؓ نے حضرت مسیح موعودؑ کی زیارت پہلے کی تھی لیکن پہلے بیعت کرنے کا شرف حضرت محمد قاری صاحبؓ کو حاصل تھا۔
حضرت مصلح موعودؓ کے پرائیویٹ سیکرٹری حضرت میاں محمد یوسف خان صاحب بیان فرماتے ہیں کہ حضرت قبلہ والد صاحب کا یہ معمول تھا کہ تہجد کبھی گھر میں اور کبھی مسجد میں ادا کرتے لیکن نماز فجر مسجد جاکر ہی ادا فرماتے جو گھر سے دُور تھی۔ مجھے بھی اپنے ہمراہ لے جاتے۔ یہ مسجد حضرت مولوی محمد قاری صاحبؓ کی تھی اور مسجد قصاباں (جہلم) کہلاتی تھی۔ جہلم میں سب سے پہلے حضرت قاری صاحبؓ ہی نے احمدیت قبول کی تھی اور اس وقت ان کی بڑی مخالفت ہوئی تھی۔ حضرت قاری صاحبؓ کی حیثیت اُن دنوں میں صرف ایک امام کی تھی اور اسی پر آپؓ کا گزارہ تھا۔ محلہ کے لوگوں نے متولّی سے شکایت کی کہ قاری کافر ہوگیا ہے اس کی جگہ اَور امام مقرر کیا جائے۔ متولّی نے دریافت کیا: قاری شہادت کیا دیتا ہے؟ لوگوں نے کہا شہادت تو یہی دیتا ہے کہ خدا ایک ہے اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم اس کے رسول ہیں ۔ پھر پوچھا: اذان کس طرح دیتا ہے اور نماز کس طرح پڑھتا ہے؟ جب اُسے یہ جواب مل گئے کہ یہ سب کچھ وہی ہے جو پہلے تھا تو اس نے لوگوں کو جواب دیا کہ ان حالات میں مَیں اسے الگ نہیں کر سکتا تمہاری مرضی ہے تو نماز پڑھو ورنہ نہ پڑھو۔ یہ پہلی نصرت تھی جو اللہ تعالیٰ نے اپنے اس مومن بندے کی فرمائی۔ اس کے بعد حضرت قاری صاحبؓ اکیلے ہی اذان دے کر نماز پڑھ لیتے تھے لیکن جن دنوں میں مَیں نے آپؓ کو دیکھا اُن دنوں آپؓ کی مسجد میں نمازیوں کو نماز پڑھنے کے لیے جگہ نہ ملتی تھی۔
حضرت مسیح موعودؑ نے اپنی کتب ’’آریہ دھرم‘‘، ’’سراج منیر‘‘، ’’تحفہ قیصریہ‘‘ اور ’’کتاب البریہ‘‘ میں شامل مختلف فہرستوں میں حضرت حافظ صاحبؓ کا نام بھی درج فرمایا ہے۔ نیز کتاب ’’انجام آتھم‘‘ میں درج 313کبار صحابہ میں بھی آپ کا نام 176نمبر پر شامل فرمایا ہے۔
حضرت حافظ محمد قاری صاحبؓ نے 10؍اکتوبر 1909ء کو جہلم میں وفات پائی اور وہیں دفن ہوئے۔ آپؓ کا یادگاری کتبہ بہشتی مقبرہ قادیان میں لگا ہوا ہے۔آپؓ کی ایک بیٹی نے 1904ء میں وفات پائی تھی جو حضرت حیدرشاہ صاحب سب پوسٹ ماسٹر جہلم ابن بابو نظام شاہ صاحب سٹیشن ماسٹر چکر کوٹ ضلع کوہاٹ کے ساتھ بیاہی ہوئی تھیں ۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں