سرور و راحت خاطر ترا خدا حافظ – نظم

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 13 مئی 2010ء میں مکرم عبدالمنان ناہید صاحب کی ایک نظم بعنوان ’’بیٹی کی رخصتی پر باپ کا پیغام‘‘ شامل اشاعت ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:

سرور و راحت خاطر ترا خدا حافظ
دیار نو کی مسافر تیرا خدا حافظ
بجا کہ میں نے ہی دی رخصت سفر تجھ کو
کریں گے یاد میرے گھر کے بام و در تجھ کو
ہجوم لالہ و گُل میں بہار بن کے رہو
قرار و صبر دل بے قرار بن کے رہو
نظر نظر میں محبت تری سما جائے
نئے چمن کی ہوا تجھ کو راس آ جائے
جبینِ شوق ہمیشہ رہے سجود آثار
ہوں تیرے گھر کے شب و روز مہبطِ انوار
تجھے سفر کی نئی منزلوں پہ گام بہ گام
خلوص دل سے پرانی محبتوں کا سلام
مثالِ نکہت گل موجہ صبا میں رہو
جہاں جہاں بھی رہو سایۂ خُدا میں رہو

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں