سوچتا ہوں کہ کوئی تجھؐ سے بڑا کیا ہوگا – نعتیہ کلام

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 8؍اکتوبر 2012ء میں مکرم چودھری محمد علی مضطرؔ صاحب کی ایک نعت شاملِ اشاعت ہے۔ اس نعتیہ کلام میں سے انتخاب پیش ہے:

سوچتا ہوں کہ کوئی تجھؐ سے بڑا کیا ہوگا
تُو اگر تُو ہے تو پھر تیرا خدا کیا ہوگا
مَیں غلاموں کے غلاموں کا اِک ادنیٰ خادم
مجھ سا قسمت کا دھنی کوئی بھلا کیا ہوگا
تجھ کو اللہ نے لَولَاک کی خلعت بخشی
مستحق اس کا کوئی تیرے سوا کیا ہوگا
جب دَنیٰ کا فَتَدَلیّٰ سے ہوا ہوگا ملاپ
فرق قوسین کے مابین رہا کیا ہوگا
جس کی ہیبت سے پہاڑوں کے بھی دل ہیں لرزاں
تجھ پہ اُترا جو سرِ غارِ حرا ، کیا ہوگا
تُو محمدؐ بھی ہے ، احمدؐ بھی ہے ، محمودؐ بھی ہے
تیری توصیف کا حق ہم سے ادا کیا ہوگا

چودھری محمد علی صاحب
50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں