سہ ماہی’’ ھوالشافی‘‘ لندن

تعارف و تبصرہ۔۔۔
(ناصر پاشا۔لندن)

سہ ماہی’’ ھوالشافی‘‘ لندن

(مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل لندن 24 جولائی 2009ء)

کچھ عرصہ پہلے تک جرمنی سے ایک رسالہ ’’ھوالشافی‘‘ کے نام سے وقتاً فوقتاً شائع کیا جاتا تھا تاہم بعد ازاں مختلف وجوہات کی بناء پر اس کا سلسلہ جاری نہ رہ سکا۔ اب پانچ سال کے وقفہ کے بعد حضور ایدہ اللہ کی اجازت سے اِسی نام سے یہ رسالہ لندن سے دوبارہ جاری کیا گیا ہے۔ اللہ کرے کہ اس مرتبہ یہ مفید کاوش مستقل ٹھہرے اور پہلے سے بڑھ کر نافع النّاس ثابت ہو۔
سہ ماہی رسالہ ’’ھوالشافی‘‘ کے پہلے شمارہ کے A5 سائز کے کُل 40 صفحات ہیں۔ اگرچہ بنیادی طور پر یہ رسالہ اردو زبان میں ہے لیکن انگریزی زبان میں چند صفحات بھی اس میں شامل ہیں۔ رسالہ کا ٹائٹل حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے اِس شعر سے مزیّن ہے:

مرا مطلوب و مقصود و تمنا خدمت خلق است
ہمیں کارم ہمیں بارم ہمیں رسمم ہمیں راہم

یعنی میری زندگی کی سب سے بڑی تمنا اور خواہش خدمت خلق ہے۔ یہی میرا کام ہے، یہی میری ذمہ داری ہے، یہی میرا فریضہ ہے اور یہی میرا طریق ہے۔
اِس خوبصورت پیشکش میں ایسی منتخب احادیث پیش کی گئی ہیں جن کا تعلق بیماریوں سے بچاؤ سے متعلق دعاؤں سے ہے۔ حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے ایک خطبہ جمعہ سے ایک اقتباس بھی اِس شمارہ کی زینت ہے جس میں یہ نصیحت کی گئی ہے کہ ’’شافی‘‘ صرف خدا تعالیٰ کی ذات کو ہی سمجھنا چاہئے نہ کہ کسی مخصوص طبیب یا ہسپتال کے بارہ میں خیال کیا جائے کہ وہاں جاؤں گا تو ٹھیک ہوجاؤں گا۔
پھر ’’مدر ٹنکچر‘‘ کے کمالات سے متعلق ایک مختصر مضمون ہے۔ اس کے علاوہ شہد اور چائے اور بعض دیگر پھلوں اور سبزیوں کے بارہ میں معلوماتی مضامین بھی اِس رسالہ میں شامل ہیں۔ بہت سے ایسے مفید اور کارآمد ہومیوپیتھی کے نسخے بھی شامل اشاعت ہیں جن کی ضرورت عام طور پر ہر گھر میں ہوسکتی ہے۔ چونکہ اگلا شمارہ آنے سے قبل رمضان المبارک بھی آچکا ہوگا اس لئے اِس حوالہ سے بھی دو صفحات مرتب کئے گئے ہیں۔
اس شمارہ میں شامل اشاعت حضرت مسیح موعودؑ کے بعض الہامی نسخہ جات کے علاوہ مستقل کالم ’’بزم شفاء‘‘ میں ہومیوپیتھ اپنے تجربات کو بیان کرتے ہیں جو دیگر ہومیوپیتھی کے ماہرین نیز عوام النّاس کے لئے بھی نہایت مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔ خواتین کی مخصوص بیماریوں اور بچوں کی بیماریوں کے حوالہ سے بھی چند صفحات اِس شمارہ میں شامل ہیں۔
انگریزی حصہ میں جو مضامین شامل اشاعت ہیں، اُن میں Homeopathic Nosodes کے علاوہ بچپن کے موٹاپے اور ڈپریشن میں تعلق، Bed Wetting اور ایک مختصر دلچسپ مضمون Was Charles Darwin a reluctant homeopath? بھی شائع ہوا ہے۔ الغرض اِس مختصر رسالہ کو مفید، نافع النّاس اور عام فہم رکھتے ہوئے نئی تحقیق سے ہم آہنگ بنانے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے۔
چونکہ نئے انتظام کے تحت شائع کیا جانے والا یہ پہلا رسالہ ہے اس لئے توقع ہے کہ آئندہ شماروں میں جب مزید ہومیوپیتھ اپنے تجربات سے دوسروں کو آگاہ کرنے کے لئے قلم اٹھائیں گے تو اِس رسالہ میں دلچسپی کے ساتھ ساتھ مضامین کے تنوع میں بھی اضافہ ہوگا نیز خلق اللہ کی خدمت کی نئی راہیں بھی کھلیں گی۔ انشاء اللہ۔
اللہ کرے کہ اس بار اِس رسالہ کا اجراء مستقل ہو اور یہ پہلے سے بڑھ کر مفید ثابت ہو۔ آمین

اِس رسالہ کے مدیر رانا سعید احمد خانصاحب ہیں جبکہ ادارتی بورڈ میں ڈاکٹر حفیظ احمد بھٹی صاحب، ملک ہارون بابر صاحب، ملک ظفر منصور صاحب، ڈاکٹر مدیحہ رانا صاحبہ، بشیر احمد ناصر صاحب اور فرخ سلطان شامل ہیں۔یہ رسالہ
Howashafi, 4 Kingswood Ave.
Thornton Heath, Surrey CR7 7HR
سے شائع کیا گیا ہے۔
اس رسالہ میں اپنے تجربات اور دلچسپ معلومات بھجوانے والے، نیز رسالہ کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والے مذکورہ بالا پتہ پر یا فیکس نمبر 0 (44) 2083350518 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
e-mail کا پتہ یہ ہے: howashafi@hotmail.co.uk

نوٹ: اس رسالے کے چند منتخب شمارے اس ویب سائٹ میں شامل اشاعت کئے جارہے ہیں جن میں آئندہ اضافہ کیا جاتا رہے گا۔ انشاءاللہ

50% LikesVS
50% Dislikes

6 تبصرے “سہ ماہی’’ ھوالشافی‘‘ لندن

  1. السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
    امید ہے آپ بخیریت ہوں گے۔اللہ ہر دم آپ کے کام میں برکت دے۔
    ھو الشافی رسالہ کہاں سے ڈاون لوڈ کر سکتے ہیں۔سمجھ نہیں آ رہی۔
    آگاہ فرما کر ممنون فرمائیں۔

    1. السلام علیکم۔ جب یہ تعارف الفضل ڈائجسٹ میں شائع کیا گیا تھا اُس وقت رسالہ ’ھوالشافی‘ الاسلام ویب سائٹ پر دستیاب تھا لیکن بعدازاں الاسلام میں تبدیلی کے نتیجہ میں بہت سے رسائل وہاں موجود نہیں ہیں۔ اس بارہ میں معلوم کرکے آپ کو اَپ ڈیٹ کردوں گا۔ انشاء اللہ

    2. یہ رسائل اسی ویب سائٹ پر وقتاً فوقتاً اَپ ڈیٹ کئے جارہے ہیں۔ براہ کرم اوپر دی گئی ونڈو ’’ھوالشافی‘‘ میں ملاحظہ فرمائیں

    1. جلد ہی اسی ویب سائٹ پر رسالہ ’’ھوالشافی‘‘ کے منتخب شمارے دستیاب ہوں گے۰ان شاءاللہ

  2. اب یہ رسائل اسی ویب سائٹ پر وقتاً فوقتاً اَپ ڈیٹ کئے جارہے ہیں۔ براہ کرم اوپر دی گئی ونڈو ’’ھوالشافی‘‘ میں ملاحظہ فرمائیں

اپنا تبصرہ بھیجیں