فلک نے علم و حکمت کا زمیں پر اِک جہاں دیکھا – نظم

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 18جنوری 2012ء میں محترم سیّد عبدالحئی شاہ صاحب کی یاد میں کہی گئی مکرم طاہر محمود احمد صاحب کی ایک نظم شائع ہوئی ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب ملاحظہ فرمائیں :

فلک نے علم و حکمت کا زمیں پر اِک جہاں دیکھا
سمندر کی طرح خاموش بحرِ بیکراں دیکھا
خلافت کے اشاروں کو بہت خوبی سے سمجھا تھا
خلافت کے تقاضوں کا ہمیشہ پاسباں دیکھا
اطاعت کا مرقع نیز اخلاص و محبت سے
امورِ سلسلہ میں صاحبِ قلبِ تپاں دیکھا
محبت کے بکھیرے پھول اس دنیا کی محفل میں
دیارِ مہرواُلفت میں سبھی کا دلستاں دیکھا
ملا صبرِ جمیل ایسا کہ غم کے کوہساروں میں
ہمالہ سے بھی اِک مضبوط دل مثلِ چٹاں دیکھا
لب و لہجہ میں نرمی اور شرافت اور حلاوت تھی
سبھی سے گفتگو میں آپ کو شیریں زباں دیکھا
دہر میں چلچلاتی دھوپ ہو یا خوف کے سائے
سروں پر آپ کو ہم نے سدا اِک سائباں دیکھا

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں