محترم قریشی عطاء الرحمن اعوان صاحب درویش

ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان (درویش نمبر 2011ء) میں مکرم قریشی عطاء الرحمن صاحب ولد محترم حافظ محمد امین صاحب کا ذکرخیر شامل اشاعت ہے۔
حضرت حافظ محمد یامین صاحب ؓ کے بڑے فرزند محترم قریشی عطاء الرحمن صاحب 2؍ اگست 1912ء بروز جمعہ قادیان میں پیدا ہوئے اور یہیں سے میٹرک پاس کرکے صدر انجمن کی ملازمت میں آگئے۔ آپ ایک نہایت ہی بے نفس ، غریب المزاج ، سادہ زندگی بسر کرنے والے صفِ اوّل کے خادمِ سلسلہ تھے۔ ذاتی محنت اور اخلاص و محبت کے ساتھ سلسلہ کی خدمت کرتے کرتے ناظر بیت المال صدر انجمن احمدیہ کے طور پر ریٹائرمنٹ کے بعد بھی خدمت پر مامور رہے۔
تقسیم ملک کے بعد پرانا کارکن ہونے کی وجہ سے دفتری معاملات میں آپ ایک اتھارٹی سمجھے جاتے تھے۔ زمانہ درویشی میں آپ کو بطور آڈیٹر صدر انجمن احمدیہ ۔ ناظم جائیداد و تعمیرات کے فرائض بھی نہایت درجہ خوش اسلوبی سے بجا لانے کی سعادت حاصل ہوئی۔ ہر کام بڑی بشاشت اور توجہ سے سرانجام دیتے۔ آپ ایک مرنجان مرنج طبیعت کے مالک تھے۔ سالہا سال مجلس انصاراللہ مرکزیہ کے صدر بھی رہے۔ انصار کو بیدار کرنے کی خاطر آپ نے 1977ء میں ایک جیبی رسالہ ’’الواح الہدی‘‘ کے نام سے مجلس انصاراللہ کی طرف سے شائع کیا۔ایک عرصہ تک اخبار بدر کے منیجر کے طور پر بھی خوش اسلوبی سے خدمات سرانجام دیتے رہے۔
آخری عمر میں آپ کو ذیابیطس ہوگئی تھی مگر اس کے باوجود سلسلہ کی خدمات میں ہمیشہ کوشاں رہتے تھے۔ 2فروری1978ء کو آپ کی وفات امرتسر کے ہسپتال میں ہوئی اور تدفین بہشتی مقبرہ قادیان میں ہوئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں