محترم محمود علی صاحب

روزنامہ الفضل ربوہ 27فروری 2012ء میں مکرم فلاح الدین صاحب نے اپنے والد محترم محمود علی صاحب کا ذکرخیرکیا ہے۔
مکرم محمود علی صاحب 5 اپریل 1953ء کو فیصل آباد کے ایک اہل سنّت گھرانہ میں پیدا ہوئے۔ چار بہن بھائیوں میں آپ کا تیسرا نمبر تھا۔ 1964ء میں آپ کے والد نے قبولِ احمدیت کی توفیق پائی اور 1974ء کے فسادات کے بعد یہ گھرانہ ربوہ شفٹ ہوگیا۔
1976ء میں محترم محمود علی صاحب کی شادی مکرمہ نصرت جہاں صاحبہ بنت مکرم حافظ عبد الکریم صاحب سے ہوئی۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو 5 بیٹیوں اور دو بیٹوں سے نوازا۔ آپ نے اپنے دونوں بیٹوں کو وقف کرنے کی توفیق پائی اور ساری اولاد کی نہایت اعلیٰ رنگ میں تربیت کی۔ آپ اصولوں کے پابند اور نرم دل شخصیت کے مالک تھے۔ نہایت مخلص احمدی تھے۔ اپنی ذات میں خاموش طبع انسان تھے۔ فارغ وقت میں روحانی خزائن اور ہومیوپیتھی کا مطالعہ کرتے۔ ہر جگہ موقع کی مناسبت سے دعوت الی اللہ کرتے رہتے۔ نہایت بہادر انسان تھے۔ 1987ء میں آپ نے شاہدرہ لاہور میں اپنا ذاتی گھر بنایا تو محلہ میں آپ کا اکیلا احمدی گھرتھا۔ وہاں مخالفت کے باوجود آپ ثابت قدم رہے اور اپنی اولاد کو بھی ہر موقع پر ثابت قدم رہنے کی تلقین کی۔ آپ نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ کی وصیت کی تحریک پر وصیت کی۔ آپ نے اپنے والد محترم کی غیرمعمولی خدمت کی توفیق پائی۔
28نومبر 2011ء کو آپ کی وفات دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ آپ نے اپنے پسماندگان میں ایک بیوہ 5بیٹیاں اور 2 بیٹے چھوڑے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں