محمودؔ کا کمالِ سیاست یہی تو ہے – نظم

ماہنامہ ’’النور‘‘ امریکہ فروری 2012ء میں حضرت مصلح موعودؓ کی یاد میں کہی گئی محترم حسن رہتاسی صاحب مرحوم کی ایک نظم شائع ہوئی ہے۔ محترم رہتاسی صاحب 10؍مارچ 1951ء کو وفات پاگئے تھے۔ اس نظم میں سے انتخاب پیش ہے:

کل مجھ سے ایک لیڈرِ احرار نے کہا
آساں نہیں ہے فتح تو دُشوار بھی نہیں
پنجاب کے ہیں احمدی چھپّن ہزار کُل
اور لطف یہ کہ واقفِ پیکار بھی نہیں
سارے جہاں کی قوموں سے ہے ان کی چپقلش
ان منچلوں کا کوئی مددگار بھی نہیں
ناداں بگاڑ بیٹھے ہیں حکّامِ وقت سے
پہچانتے زمانے کی رفتار بھی نہیں
بات اُس کی سُن کے کہا مَیں نے بس خموش
تم کو تو کچھ سلیقۂ گفتار بھی نہیں
ناداں ہماری پشت پہ وہ بادشاہ ہے
یہ دنیا جس کے وار کی اِک مار بھی نہیں
محمودؔ کا کمالِ سیاست یہی تو ہے
لڑتا ہے اور ہاتھ میں تلوار بھی نہیں

 

نوٹ از مکرم محمد شریف خالد صاحب (جرمنی): 22فروری 2019کے الفضل ڈائجسٹ میں ایک نظم کے چند اشعار شائع ہوئے جو اغلباً النور رسالہ امریکہ 2012سے ماخوذ ہیں۔یہ اشعار جناب حسن رہتاسی صاحب کی طرف منسوب کئے گئے ہیں جبکہ یہ اشعار مولانا ظفر محمد ظفر صاحب پروفیسر جامعہ احمدیہ مرحوم کے ہیں اور کلام ظفر طبع اول 1980صفحہ 49اور کلام ظفر طبع دوم 2010صفحہ 102پر پوری 16اشعار کی نظم بغیر کسی تبدیلی کے شائع شدہ ہے۔پہلا ایڈیشن ان کی زندگی میں شائع ہوا تھا جس پر گراں قدر تبصرہ حضرت مرزا طاہر احمد خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے لکھا۔اس نظم کا عنوان ہے۔ احرار کی باطل توقعات کا مومنانہ جواب

محترم مولانا ظفر محمد ظفر صاحب

اس نظم کے کچھ اشعار کلام حسن مرتبہ ڈاکٹر نذیر ریاض صاحب 1970صفحہ 169پر بڑا بول کے عنوان سے شائع شدہ ہیں جن کی تعداد دس ہے۔ اس طرح اس نظم کے 8اشعار کلام حسن مرتبہ ابن آدم 2001صفحہ 236پر بھی موجود ہیں۔ یہ دونوں حضرات مؤلف کلام حسن لکھتے ہیں کہ انہوں نے یہ سارا کلام مختلف احباب سے سنکر اکٹھا کیا ہے۔کیونکہ حسن صاحب تو 1951 میں وفات پا گئے تھے اور اُن کی زندگی میں ان کا کوئی دیوان شائع نہیں ہوا تھا۔ مولانا ظفر محمد ظفر صاحب جیسا استاد جن کا کلام ان کی زندگی میں شائع ہوا ہو یہ ناممکن ہے کہ انہوں نے حسن صاحب کی نظم اپنے نام کر لی ہو جبکہ حسن صاحب کا کلام ان کی وفات کے بعد جمع کیا گیا اور وہ بھی مختلف احباب کی یاد داشت سے اس کا پورا امکان موجود ہے کہ کسی دوست نے جن کو اس نظم کے کچھ اشعار یاد تھے جناب حسن صاحب کی طرف لاعلمی میں منسوب کر دیئے ہوں اور پھر ہر دو ایڈیشن میں اشعار میں بعض الفاظ بھی مختلف ہیں جو مولانا ظفر محمد ظفر صاحب کی نظم سے مختلف ہیں جو سنانے والے نے اپنی طرف سے شامل کئے ہوں۔

100% LikesVS
0% Dislikes

محمودؔ کا کمالِ سیاست یہی تو ہے – نظم” ایک تبصرہ

  1. جزا کم اللہ تعالیٰ مکرم محمد شریف خالد صاحب۔ آنمحترم کی گراں قدر تحقیق درست معلوم ہوتی ہے اور اسی لئے متعلقہ نظم کے نیچے ہی شائع کردی گئی ہے۔ دیگر اہل علم حضرات بھی اس حوالے سے اپنی آراء (اگر مختلف) رکھتے ہوں تو براہ کرم ارسال فرمائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں