مکرم مولانا عطاء اللہ کلیم صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ کے پوسٹل انٹرویوز کے سلسلہ میں مکرم مولانا عطاء اللہ کلیم صاحب مشنری انچارج جرمنی (وسابق امیر و مشنری انچارج امریکہ) کا انٹرویو 19؍دسمبر 1997ء میں شامل اشاعت ہے۔
مکرم عطاء اللہ کلیم صاحب 25؍ستمبر 1922ء کو امرتسر میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد مکرم میاں سراج الدین صاحب نے 1916ء میں احمدیت قبول کی تھی اور یہ خبر سن کر آپ کی پہلی بیوی کے بھائیوں نے عدالت میں خلع کے لئے مقدمہ کردیا۔ اگرچہ یہ مقدمہ عدالت سے خارج کردیا گیا لیکن حضرت مصلح موعودؓ نے ارشاد فرمایا کہ آپ کی بیوی خود آجائے تو آنے دو ورنہ عمر بھر سزا کاٹے۔ مگر وہ بیوی بھائیوں کی سختی کی وجہ سے واپس اپنے گھر نہیں آئی۔ چنانچہ آپ کے والد صاحب کی دوسری شادی ایک احمدی خاتون محترمہ خیراں بی بی صاحبہ سے ہوئی۔ لیکن جب اولاد کے کوئی آثار دکھائی نہ دیئے بلکہ ڈاکٹروں نے یہاں تک کہہ دیا کہ اس خاتون کے اولاد نہیں ہوسکتی تو پھر حضرت مصلح موعودؓ کی دعا سے اللہ تعالیٰ نے فضل فرمایا اور مکرم عطاء اللہ کلیم صاحب کی ولادت ہوئی اور اس ولادت سے پہلے آپ کے والد صاحب کو خواب کے ذریعے بشارت بھی دی گئی کہ ان کے ہاں ایک لڑکا پیدا ہوا ہے جو حضرت مولوی جلال الدین شمس صاحبؓ کے ہمراہ دعوت الی اللہ کے لئے لندن گیا ہے۔ یہ خواب 1950ء میں اس وقت پوری ہوئی جب مکرم عطاء اللہ کلیم صاحب کو غانا جاتے ہوئے لندن میں کچھ عرصہ قیام کا موقعہ ملا۔
مکرم عطاء اللہ کلیم صاحب نے مدرسہ احمدیہ، جامعہ احمدیہ، جامعہ واقفین اور جامعۃ المبشرین میں تعلیم حاصل کی۔ پنجاب یونیورسٹی سے مولوی فاضل اور B.A. کیا۔ 1951ء سے 1955ء تک آپ بطور مربی سلسلہ غانا میں مقیم رہے۔ 1959ء تک وکالت تبشیر ربوہ میں خدمت بجالائے اور پھر 1970ء تک پہلے3 سال مربی سلسلہ اور پھر 8 سال بطور امیر و مشنری انچارج غانا خدمات انجام دیں۔ 1965ء سے 1970ء تک مغربی افریقہ زون کے مربی انچارج بھی رہے۔ 1970ء میں حدیقۃالمبشرین کے پہلے سیکرٹری مقرر ہوئے۔ 1972ء میں دوبارہ غانا کے امیر و مشنری انچارج بنائے گئے اور 1975ء میں سیکرٹری مجلس نصرت جہاں کے طور پر تقرر ہوا۔ 31؍اگست 1977ء کو امیر و مشنری انچارج امریکہ کاچارج لیا۔1979ء میں ویسٹ کوسٹ امریکہ کے مربی متعین ہوئے۔ 1981ء تا دسمبر 1983ء دوبارہ امیر و مشنری انچارج امریکہ رہے۔ 1984ء میں جامعہ احمدیہ کے وائس پرنسپل مقرر ہوئے اور اگست 1985ء سے دسمبر 1985ء تک قائمقام پرنسپل رہے۔ 1986ء میں حضور انور کے ارشاد پر آپ کچھ عرصہ بطور مرکزی نمائندہ سورینام، گیانا اور ٹرینیڈاڈ میں مقیم رہے۔
غانا میں اپنے قیام کے دوران مکرم کلیم صاحب نے نہ صرف قومی اخبارات و رسائل میں اسلام و احمدیت کے متعلق متعدد خطوط تحریر کئے بلکہ جماعت احمدیہ غانا کے اخبار ماہنامہ ’’گائیڈنس‘‘ کا بھی اجراء کیا اور اس کے پہلے مدیر بھی رہے۔ کئی دینی پمفلٹ بھی شائع کرنے کی توفیق پائی۔ قیامِ امریکہ کے دوران پندرہ روزہ ’’النور‘‘ اور ماہنامہ ’’احمدیہ گزٹ‘‘ سانفرانسسکو سے جاری کئے اور دیگر جماعتی و ملکی اخبارات کے لئے بھی مضامین تحریر کئے۔ آپکے تحریر کردہ متعدد ٹریکٹس اور مضامین کئی کئی بار شائع ہوئے اور بعض کے دیگر زبانوں میں تراجم بھی ہوئے۔ قیامِ جرمنی کے دوران ماہنامہ ’’اخبار احمدیہ‘‘ بھی آپ نے جاری کیا۔ نیز مختلف ممالک میں قیام کے دوران متعدد ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے پروگراموں میں شرکت کی توفیق پائی اور کئی یونیورسٹیوں اور کالجز میں بھی اسلام کا پیغام پہنچایا۔ جرمنی میں مختلف قومیتوں کے اجلاسات میں تقاریر کرنے کا موقعہ بھی ملا۔ کئی ممالک کے سربراہوں کو دینی کتب بھی پیش کرنے کا موقعہ ملا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں