نماز میں حصولِ حضور کی دعا

ماہنامہ ’’مصباح‘‘ ستمبر 1995ء میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی ایک تحریر نماز میں حصولِ حضور اور توجہ کے بارے میں (الحکم 24؍مئی 1904ء سے) نقل کی گئی ہے جو حضورؑ نے مولوی نظیر حسین دہلوی صاحب کو لکھی تھی۔ حضور ؑ نے فرمایا کہ اگر توجہ پیدا نہ ہو تو ہر ایک نماز میں خدا تعالیٰ کے حضور میں یہ دعا کریں:
’’اے خدا تعالیٰ قادر ذوالجلال! میں گناہ گار ہوں اور اس قدر گناہ کی زہر نے میرے دل اور رگ و ریشہ میں اثر کیا ہے کہ مجھے رقّت اور حضورِ نماز حاصل نہیں۔ تُو اپنے فضل و کرم سے میرے گناہ بخش اور میری تقصیرات کو معاف کر اور میرے دل کو نرم کر دے اور میرے دل میں اپنی عظمت اور اپنا خوف اور محبت بٹھا دے تاکہ اس کے ذریعہ سے میری سخت دلی دور ہو کر حضورِ نماز میسر آوے۔‘‘
حضورؑ نے مزید تحریر فرمایا:
’’اس دعا کے کرنے میں ماندہ نہ ہوں اور تھک نہ جاویں بلکہ پورے صبر اور استقامت سے اس دعا کو پنج وقت کی نمازوں میں اور نیز تہجد کی نماز میں کرتے رہیں اور بہت بہت خدا تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی چاہیں کیونکہ گناہ کے باعث دل سخت ہو جاتا ہے، ایسا کروگے تو ایک وقت یہ مراد حاصل ہو جاوے گی مگر چاہئے کہ اپنی موت کو یاد رکھیں۔ آئندہ زندگی کے دن تھوڑے سمجھیں اور موت قریب سمجھیں۔ یہی طریق حصولِ حضور کا ہے‘‘۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں