انٹرنیشنل مجلس شوریٰ کا انعقاد
(مطبوعہ ہفت روزہ ’’الفضل انٹرنیشنل‘‘ لندن بتاریخ 6؍اکتوبر 2000ء)
انٹرنیشنل مجلس شوریٰ کا انعقاد
(رپورٹ: ناصر پاشا)
حسب پروگرام امسال 31؍جولائی 2000ء بروز سوموار اسلام آباد (یوکے) میں انٹرنیشنل مجلس شوریٰ کا انعقاد عمل میں آیا۔ پروگرام کا آغاز قریباً دس بجے صبح سیدنا حضرت امیرالمومنین خلیفۃالمسیح الرابع ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تشریف آوری پر تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم عبدالمومن طاہر صاحب نے کی۔ آیات کریمہ کا انگریزی ترجمہ مکرم بلال ایٹکنسن صاحب نے پیش کیا۔ جس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اجتماعی دعا کروائی۔پھر مکرم محترم چودھری حمیداللہ صاحب وکیل اعلیٰ تحریک جدید ربوہ نے گزشتہ برسوں میں کئے جانے والے فیصلہ جات پر عملدرآمد کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں مکرم محترم عطاء المجیب راشد صاحب سیکرٹری انٹرنیشنل مجلس شوریٰ نے ردّ شدہ تجاویز اور اِمسال ایجنڈا میں شامل کی جانے والی تجاویز پڑھ کر سنائیں۔
اس کے بعد تجاویز پر غور کے لئے دو سب کمیٹیوں کا قیام عمل میں آیا۔ اس دوران حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی معاونت کا شرف مکرم محترم مودود احمد خان صاحب امیر جماعت احمدیہ کراچی کو حاصل ہوا۔ پھر حضور انور کی اجازت سے سب کمیٹیوں کے اجلاسات منعقد ہوئے جو قریباً ایک گھنٹہ جاری رہے۔ قریباً ایک بجے دوپہر حضور انور کی دوبارہ تشریف آوری پر سب کمیٹیوں کے صدران نے باری باری اپنی رپورٹ پیش کی۔ اس دوران حضور انور کی معاونت کی سعادت مکرم محترم منیر احمد صاحب فرخ امیر جماعت احمدیہ اسلام آباد (پاکستان) کو حاصل ہوئی۔ مجلس شوریٰ کے پروگرام کا اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا جو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے کروائی۔
قریباً پونے دو بجے دوپہر انٹرنیشنل مجلس شوریٰ اختتام کو پہنچی۔ جس کے بعد حضور انور کی اقتداء میں نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور پھر دوپہر کا کھانا مجلس شوریٰ کے نمائندگان کو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے بھی ازراہ شفقت شمولیت فرمائی۔
اللہ تعالیٰ اس مجلس کا انعقاد ہر پہلو سے بابرکت فرمائے۔