آئس ہاکی (Ice Hockey)
(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، الفضل انٹرنیشنل 21 اگست 2020ء)
ماہنامہ ’’خالد‘‘ ربوہ دسمبر 2011ء میں کینیڈا کے قومی کھیل ’آئس ہاکی‘ کے بارے میں مکرم شاہد احمد شیراز صاحب کا ایک معلوماتی مضمون شامل اشاعت ہے۔
آئس ہاکی کا کھیل ایسے تمام ممالک میں کھیلا جاتا ہے جہاں برف باری زیادہ ہوتی ہے۔ اس کا آغاز کہیں سے بھی ہوا ہو مگر کینیڈا کے شہر مونٹریال کو اس کھیل میں جدّت اور ترقی دلانے میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ آئس ہاکی کا پہلا Indoor مقابلہ 3؍مارچ 1875ء کو Montreal’s Victoria Skating Rink پر دو ٹیموں کے درمیان ہواتھا۔ اس کے بعد بیسویں صدی عیسوی کی ابتدا میں پروفیشنل آئس ہاکی کے دَور کا آغاز ہوا۔ 1904ء میں پہلی انٹرنیشنل پروفیشنل ہاکی لیگ کا آغاز ہوا۔ انٹرنیشنل آئس ہاکی فیڈریشن کے 68 ممبر ممالک ہیں اور یہ کھیل اولمپکس میں بھی شامل ہے۔
پروفیشنل آئس ہاکی کا کھیل 20منٹ کے تین پیریڈز پر مشتمل ہوتا ہے جس کے دوران آئس سکیٹس کے علاوہ بھرپور حفاظتی سامان پہنے ہوئے کھلاڑی اپنی سٹک کے ذریعے پَک (Puck) کو مخالف ٹیم کے گول پوسٹ تک پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔