اک نیا فرمان جاری ہو گیا سلطان کا – نظم
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 7ستمبر 2011ء میں مکرم انور ندیم علوی صاحب کی ایک غزل شامل اشاعت ہے۔ اس غزل میں سے انتخاب پیش ہے:
اک نیا فرمان جاری ہو گیا سلطان کا
امتحاں مقصود ہے شاید مرے ایمان کا
حوصلہ دیکھا عجب اس حضرتِ انسان کا
بھول جاتا ہے فسانہ جان کر ہامان کا
غرق دریا ہو گیا تھا یاد کر فرعون کو
باعثِ عبرت بنا اقرار بھی ایمان کا
اُس طرف ترمیم ، طاقت ، ضابطے ہیں جبر کے
بڑھ گیا درجہ اِدھر ایمان کا ، ایقان کا
ہم اندھیری رات میں ہیں روشنی کے وہ چراغ
خوف آندھی کا جنہیں ، ڈر بھی نہیں طوفان کا
کٹ تو سکتا ہے مگر یہ سر جھکا ہے کب ندیمؔ!
جان تو جانی ہے اک دن خوف کیا پھر جان کا!