ایفروامریکن مکرم محسن محمود صاحب
ماہنامہ‘‘احمدیہ گزٹ’’امریکہ نومبرودسمبر 2012ء میں مکرم احتشام الحق محمود صاحب مبلغ سلسلہ لکھتے ہیں کہ مکرم محسن محمود صاحب بتایا کرتے تھے کہ جب نیویارک جماعت کے صدر عبداللہ بن Hannah صاحب ہوا کرتے تھے جو ایک میوزیشن تھے، وہ اپنے گھر پر ہم میوزیشنز کو اکثر مدعو کیا کرتے تھے جہاں کوئی خاص موضوع زیربحث آتا۔ ایک بار اُن کا موضوع تھا کہ مَیں کون ہوں؟ اُس دن مجھے پہلی بار یہ احساس ہوا کہ میری جڑیں افریقہ میں ہیں اور مَیں بنیادی طور پر مسلمان تھا۔ یہی سوچ بعد میں میری قبول احمدیت کا باعث بنی۔ اسی طرح کئی دوسرے میوزیشنز بھی احمدی ہوئے۔
اُس وقت کے مبلغ سلسلہ کی طرف سے ہمیں ایک ہدایت یہ کی گئی کہ ہم کوئی دوسرا ذریعہ آمدنی تلاش کرنے کی کوشش کریں۔چنانچہ بہت سے میوزیشنز تو روزگار کے دیگر مواقع تلاش کرنے میں کامیاب رہے لیکن چند ایک اپنی رواں دواں زندگی میں ہی دوبارہ گُم ہوگئے۔
مکرم محسن محمود صاحب کو اُن دنوں حضرت چودھری محمدظفراللہ خان صاحب کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملتا رہا جب حضرت چودھری صاحبؓ اقوام متحدہ میں خدمات بجالا رہے تھے۔ اسی طرح خلفائے سلسلہ کے ساتھ آپ کی متعدد یادگار ملاقاتیں بھی ہوئیں جب حضرت خلیفۃالمسیح الثالثؒ نے 1976ء میں اور حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ نے مختلف اوقات میں کئی بار امریکہ کے دورے فرمائے۔