براعظم آسٹر یلیا

آسٹریلیا دراصل لاطینی لفظ Australis سے ماخوذ ہے جس کے معنی ہیں ’’جنوبی زمین‘‘ ۔ یہ براعظم ایک بڑا جزیرہ ہے اور رقبہ کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے۔ اس کی لمبائی 4025کلو میٹر او ر چوڑائی 3700کلو میٹر ہے۔ کُل رقبہ 7,682,300 مربع کلومیٹر ہے جس کا دوتہائی صحرا ہے۔ آبادی ایک کروڑ 88لاکھ (2000ء) ہے۔ دارالحکومت کینبرا کی آبادی4لاکھ ہے۔ یہاں کی آبادی کا 80فیصد عیسائی ہے۔ اہم صنعتوں میں فولاد، ایلومینیم، گاڑیاں، پارچہ بافی وغیرہ شامل ہے۔ کئی اہم معدنیات بھی پائی جاتی ہیں۔ قومی فضائی کمپنی ’’Qantas آسٹریلین ایئرلائنز‘‘ ہے۔ ملک میں 441ہوائی اڈے اور 6بڑی بندرگاہیں ہیں۔

آسٹریلیا کو خوش بختی کی سرزمین بھی کہا جاتا ہے۔ یہاں سب سے پہلے غالباً تسمانین آباد ہوئے جو 40 ہزار سال قبل جنوبی ایشیا سے ہجرت کرکے آئے تھے۔ 10ویں صدی عیسوی میں پہلا مسلمان یہاں تجارت کی غرض سے پہنچا اور 14ویں صدی میں مسلمان آسٹریلیا کے شمالی ساحل کی طرف آباد ہونا شروع ہوئے جس پر عرب تاجروں کو کنٹرول حاصل تھا۔
آسٹریلیا میں سب سے پہلے سیاحت یورپی اقوام نے 17 ویں صدی عیسوی میں کی۔ 18ویں صدی عیسوی کے شروع میں ولندیزی یہاں آئے اور انہوں نے اسے نیوہالینڈ کا نام دیا۔ 20 ؍اپریل 1770ء کو کیپٹن جیمز کک نے برطانیہ کی طرف سے آسٹریلیا کے مشرقی ساحل پر قبضہ کیا۔ اس وقت یہاں مختلف وحشی قبائل آباد تھے۔ 1786ء میں برطانوی آبادکاروں نے نیوساؤتھ ویلز کے مقام پر پہلی آبادی قائم کی۔ پھر برطانیہ نے اپنی تجارتی چوکیاں قائم کرنی شروع کیں اور فوجی اور حکومتی افسر یہاں آباد کئے اور 1819ء میں پورے براعظم پر قبضہ کرلیا۔ 1830ء میں برطانیہ نے یہاں آبادی بڑھانے کے لئے بغیر کسی ویزہ کے آباد ہونے کی اجازت دیدی۔ 1851ء میں وکٹوریہ میں سونا دریافت ہوا جس سے تارکین وطن بڑی تعداد میں یہاں آئے۔
1876ء میں برطانیہ نے تسمانین باشندوں کو یہاں سے نکال کر یورپی، برطانوی اور آئرش نسل کے لوگوں کو آبادکیا۔ یکم جنوری 1901ء کو دولت مشترکہ آسٹریلیا کا قیام عمل میں لایا گیا اور سر ایڈمنڈبارٹن آسٹریلیا کے پہلے وزیراعظم بنے۔ 1902ء میں یہاں عورتوں کو ووٹ دینے کا حق ملا اور 14 مئی 1907ء کو ملک کے پہلے عام انتخابات منعقد ہوئے۔ 1911ء میں شمالی علاقہ کے سوا تمام ریاستیں وفاق میں شامل ہوگئیں۔ پہلی جنگ عظیم کے دوران تین لاکھ آسٹریلوی فوجیوں نے برطانیہ کے ساتھ جنگ میں حصہ لیا۔ دوسری جنگ عظیم میں بھی آسٹریلیا نے برطانیہ کے شانہ بشانہ جنگ میں حصہ لیا۔
آسٹریلیا ایک فیڈریشن ہے جہاں آئینی بادشاہت اور پارلیمانی جمہوریت قائم ہے۔ ملکہ الزبتھ دوم ریاست کی سربراہ مملکت اور مسلح افواج کی سپریم کمانڈر ہیں۔ ملکہ کی نمائندگی گورنر جنرل کرتا ہے۔ حکومت کا سربراہ اور انتظامی اختیارات کا مالک وزیراعظم ہے۔ قومی اسمبلی 147 اور سینیٹ 76 ارکان پر مشتمل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں