بند تم نے کر دیئے جلسے جو پاکستان میں – نظم
ماہنامہ ’’النور‘‘ امریکہ اگست و ستمبر 2012ء میں مکرمہ ارشادعرشی ملک صاحبہ کی ایک نظم شامل اشاعت ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت کے بعد جلسہ سالانہ کے آغاز کے پس منظر میں کہی گئی ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:
بند تم نے کر دیئے جلسے جو پاکستان میں
کُل جہاں میں ہو رہے ہیں ، منفرد ہیں شان میں
جھولیاں بھر بھر کے ملتا ہے مقدّس مائدہ
برکتیں ہیں بے بہا مہدیؑ کے دسترخوان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
ایک ننھے سے شگوفے سے گلستاں بن گیا
ایک قطرہ ڈھل گیا برسات کے باران میں
اِک ستارے میں نہاں تھیں کہکشائیں اَن گنت
ایک انساں ڈھل گیا اِک عالمِ گنجان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
آؤ دیکھو کس نے دنیا میں طنابیں گاڑ دیں
بڑھ گیا ہے کون دیکھو رُشد اور بُرہان میں
ہم تو خوشبو کی طرح پھیلے جہاں میں چار سُو
ہر جگہ عرشیؔ رہے ہم سایۂ رحمان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں