بچوں میں زبان سیکھنے کی صلاحیت – جدید تحقیق کی روشنی میں

بچوں میں زبان سیکھنے کی صلاحیت – جدید تحقیق کی روشنی میں
(عبادہ عبداللطیف)

یونیورسٹی آف شگاگو کے ماہرین کی تحقیق کے مطابق 16 ماہ یا اس سے بھی چھوٹی عمر میں اشارے سمجھنے والے بچے بڑے ہو کر زیادہ بہتر لسانی صلاحیتوں کے مالک بنتے ہیں۔ اور جو بچے اس عمر میں اپنی ضروریات کو اشاروں کی مدد سے دوسروں کو سمجھانے کے قابل ہوجاتے ہیں وہ 4برس کی عمر سے ہی بہتر لسانی صلاحتیں حاصل کرلیتے ہیں۔ یہ بچے کسی بھی زبان کو انتہائی تیزی سے سیکھنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں اور اس لئے ان کا ذخیرۂ الفاظ بھی اپنے دیگر ہم عمروں کی نسبت بہت زیادہ ہوتا ہے۔ یہ بچے اپنے ہم عمروں کے مقابلے میں زیادہ ذہین ہوتے ہیں اور سکول میں بہت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ یہ بچے چیزوں کو زیادہ محنت کئے بغیر سیکھ لیتے ہیں۔ عام بچوں کی طرح لڑائی جھگڑے کی بجائے یہ بچے نئی چیزوں کی تلاش میں سرگرداں رہتے ہیں۔ اس تحقیق کے دوران شگاگو کے مختلف علاقوں میں مقیم 50گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کی عادات اور تعلیمی کوائف کا مطالعہ کیا گیا تھا۔
٭ قبل ازیں مجلے ’’سائنس‘‘ میں شائع کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ کم آمدنی والے والدین کے بچے بہتر لسانی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
٭ ایک برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ماہرین لسانیات کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کم سن بچوں کے ساتھ گفتگو میں مختصر فقرے، آہستہ رفتار میں یا گانے کے انداز میں الفاظ کی ادائیگی اور ہلکی پھلکی موسیقی … چھوٹے بچوں کو الفاظ اور ان کا مفہوم سمجھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے اور اُن کی توجہ مرکوز کرنے کا باعث بنتی ہے جس کی وجہ سے وہ جلد سیکھتے ہیں۔ اگرچہ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ عام بات چیت کی نسبت یہ طریقے زیادہ فائدہ مند کیوں ہیں۔ لیکن ہیلتھ نیوز کی طرف سے جاری کردہ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لب و لہجے میں بات چیت کا انداز اختیار کرنے کی نسبت بچوں کو سکھانے کے لئے توتلی زبان کا استعمال زیادہ مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ یعنی بڑی عمر کے افراد کا کم سن بچوں کے ساتھ توتلی زبان میں باتیں کرنا ان بچوں میں زبان سیکھنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے۔
٭ برطانوی ماہرین نفسیات کی ایک ٹیم نے اپنی شائع شدہ تحقیقی رپورٹ میں کہا ہے کہ چیونگم چبانے کے نتیجے میں منہ کی پیچیدہ ترین حرکات اور لبوں کو مصروف رکھنے والے چھوٹے بچوں میں کوئی بھی زبان جلد سیکھنے کی صلاحیت پیدا ہوجاتی ہے۔ ماہرین کی ٹیم نے نتائج مرتب کرنے سے قبل 120 چھوٹے بچوں کا مطالعاتی تحقیقی جائزہ لیا اور بچوں کی کوئی زبان سیکھنے اور بتانے کی صلاحیتوں کو جانچنے کے لئے کئی ٹیسٹ لئے گئے جن کے دوران بچوں کو معمے حل کرنے اور زبان سیکھنے کی صلاحیت ظاہر کرنے والی کچھ گیمز دی گئیں جبکہ والدین کو فراہم کئے گئے سوالناموں کے جوابات کی روشنی میں ماہرین نے اخذ کیا کہ چیونگم نہ کھانے والے بچوں کی نسبت چیونگم چبانے والے بچوں میں زبان سیکھنے کی صلاحیت زیادہ پائی گئی۔ ماہرین کے مطابق اس کی وجہ چیونگم چبانے کے دوران لبوں کی مسلسل حرکات ہیں جن سے زبان سیکھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔
٭ ایک عالمی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں اس تحقیق کی سائنسی توجیہہ پیش کی گئی ہے کہ لڑکیوں کی زبان سیکھنے کی صلاحیت لڑکوں کی نسبت بہتر ہوتی ہے۔ امریکہ میں نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی شکاگو کے ڈگلس برمن اور اُن کی ٹیم نے اس تجربے کے دوران 9 سے 15 برس کے 31 لڑکوں اور 31 لڑکیوں کو نئے الفاظ سکھانے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ لڑکیوں کے دماغ کے وہ حصے زیادہ متحرک ہوئے جو زبان سیکھنے کے عمل سے منسلک ہیں اور زبان کو تجریدی طور پر پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ لیکن لڑکوں کے دماغ میں وہ حصے زیادہ متحرک ہوئے جو صوتی اور بصری حسیات کے ساتھ منسلک ہیں۔ چنانچہ یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ لڑکوں کو زبان سیکھنے کے لئے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے اور اُنہیں بصری اور صوتی حسیات سے بھی کام لینا پڑتا ہے جبکہ لڑکیوں کے دماغ کے اندر موجود زبان سیکھنے کا نظام ہی اُن کے لئے کافی ہوتا ہے۔
٭ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے والدین جو گھروں میں ٹیلی ویژن آن کرکے خود کاموں میں مصروف ہوجاتے ہیں اور اس دوران بچوں کو اونچا بولنے کی اجازت نہیں دیتے، ان کے بچوں میں بولنے اور جملے ادا کرنے کی صلاحیت میں کمی واقع ہوجاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق ٹیلی ویژن پروگراموں سے متعلق بچوں کے سوالات کے جوابات اُسی وقت دیئے جانے چاہئیں تاکہ اُن کا ابہام فوری طور پر دُور ہوسکے۔ 329 بچوں پر مسلسل 4سال تک جاری رہنے والی اس تحقیق کو یونیورسٹی آف واشنگٹن میں سکول آف میڈیسن کے پروفیسر ڈیمڑی کریسیکس نے مکمل کیا ہے۔ اُن کی رپورٹ کے مطابق بچے ایک گھنٹے میں کم از کم 770 الفاظ سنتے ہیں اور 7فیصد تک اُن کے بارے میں سوالات کرتے ہیں۔ اگر ان سوالوں کے جواب نہ دئیے جائیں تو اُن میں سیکھنے کا عمل متأثر ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں