تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک

ماہنامہ ’’انصاراللہ‘‘ ربوہ مارچ 2012ء میں مکرم ملک منور احمد جاوید صاحب کے قلم سے تحریک جدید کے بارہ میں ایک مضمون شامل اشاعت ہے۔ اس جامع مضمون میں شامل حضرت مصلح موعودؓ کے ارشادات میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:

حضرت مرزا بشیر الدین محمود احمد المصلح الموعود

٭ ’’مبارک ہیں وہ جو بڑھ چڑھ کر اس تحریک میں حصہ لیتے ہیں کیونکہ اُن کا نام ادب اور احترام سے اسلام کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا اور خداتعالیٰ کے دربار میں یہ لوگ خاص عزّت کا مقام پائیں گے۔‘‘
(الفضل 30نومبر 1939ء)
٭ ’’یاد رکھو تحریک جدید اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو جذب کرنے کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔ ایسا موقع نہ سینکڑوں سال پہلے کسی کو ملا ہے نہ آئندہ ملے گا۔‘‘
(الفضل 17دسمبر 1945ء)
٭ تم جانتے ہو کہ تمہیں کس کی آواز بلا رہی ہے؟ میری نہیں، کسی اَور انسان کی نہیں، کسی اَور بشر کی نہیں۔ بلکہ عرش پر بیٹھے ہوئے خدا نے ایک آواز بلند کی ہے۔ تمہیں پیدا کرنے والا ربّ تمہیں اپنے دین کی قربانی کے لئے بلاتا ہے۔‘‘ (الفضل 5فروری 1946ء)
٭ ’’خداتعالیٰ نے تمہارے اندر ایسی روح پیدا کردی ہے کہ تم نے بہرحال بڑھنا ہے۔ چاہے تمہارا ارادہ اور عزم ساتھ شامل ہو یا نہ ہو۔ پھر جس طرح یہ نہیں ہوسکتا کہ پانچ چھ سال کے بچہ کا لباس آٹھ نو سال کی عمر کے بچہ کو پورا آسکے اسی طرح یہ بھی نہیں ہوسکتا کہ تمہارے پچھلے سال کا چندہ اگلے سال کے لئے کافی ہو۔ جب تک تم اپنے چندے کو پہلے سالوں سے زیادہ نہیں بڑھاؤگے، جب تک تم چندہ دینے والوں کی تعداد ہر سال بڑھاتے نہیں جاؤگے، تمہارا لباس تمہارے جسم پر بے جوڑ معلوم ہوگا۔ ‘‘
(الفضل 11دسمبر 1954ء)
٭ ’’اگر تم اپنوں اور بیگانوں میں عزت حاصل کرنا چاہتے ہو تو اس کا ایک ہی طریق ہے اور وہ یہ ہے کہ تم حوصلہ اور ہمت سے کام کرو۔ اگر تم خداتعالیٰ کے رستہ میں خرچ کروگے تو خدا تعالیٰ تمہیں اَور دے گا۔ اگر کوئی شخص مالی لحاظ سے یا ایمان کے لحاظ سے کمزور بھی ہو تو اُسے چاہئے کہ بناوٹ سے ہی ساتھ چلتا چلا جائے۔‘‘
(الفضل 11دسمبر 1954ء)
٭ ’’اگر کوئی اپنی مرضی سے کوئی چندہ لکھاتا ہے اور کسی قربانی کے لئے اپنے آپ کو پیش کرتا ہے تو اس کا فرض ہے کہ اپنے عہد کو نباہے خواہ کس قدر ہی تکلیف ہو اور یقین رکھے کہ خداتعالیٰ کے لئے موت قبول کرکے انسان موت کا شکار نہیں ہوتا بلکہ موت سے محفوظ ہو جاتا ہے۔‘‘
(الفضل 6مئی 1937ء)

اپنا تبصرہ بھیجیں