تصوّرِ محبوب! تجھ سے ہے ، بہارِ زندگی… نظم
(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 3؍اپریل 2023ء)
ماہنامہ‘‘احمدیہ گزٹ’’کینیڈا فروری 2013ء میں مکرم ڈاکٹر عارف حسین صاحب کی ایک نظم بعنوان ‘‘زندگی’’ شامل اشاعت ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:
تصوّرِ محبوب! تجھ سے ہے ، بہارِ زندگی
سبزہ و گُل پیرہن ہے ، خارزارِ زندگی
اے جستجوئے زینتِ بام و دریچۂ چمن!
اس عالم تنہائی میں ، تجھ کو پکارے زندگی
ہاں مگر ، رہتا ہے کیوں اکثر مرا دل بےقرار؟
اس بےقراری میں اگرچہ ہے قرارِ زندگی
صد شکر اے ربّ الوریٰ! اِک دستِ روحانی ترا
مَیں تھا غرقِ بحرِ ظلمت اور کنارے زندگی
آئینۂ شفّاف میں جاذب ہوا مَیں اس قدر
اُس نے بھی دیکھے مِرے نقش و نگارِ زندگی
چشمِ نم میں تھی عیاں ، اِک ابرِ نیساں کی تڑپ
بارشوں سے دُھل گئے ہیں سب غبارِ زندگی
اُس مہ جبیں کے نُور کی کِرنوں میں عارفؔ ڈوب کر
آئینۂ احساس میں خود کو نکھارے زندگی