’’تمہارے شہر میں دُھونی رما کے دیکھیں گے‘‘ – نظم

(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 27؍اگست 2021ء)
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 30؍اپریل 2013ء میں مکرم محمودالحسن صاحب کی ایک غزل شائع ہوئی ہے۔ اس غزل میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:

تمہارے شہر میں دُھونی رما کے دیکھیں گے
تمہارا ظرف بھی اب آزما کے دیکھیں گے
ہمیں تو قوّتِ بازو سے کام لینا ہے
پھر اس کے بعد کرشمے دعا کے دیکھیں گے
مَیں سر بلند جو گزروں گا تیرے دَر کے قریب
گلی کے لوگ ترے، سر جھکا کے دیکھیں گے
وہ رُوبرو ہوں تو ہے اُن کو دیکھنا دشوار
ہم ان کو بزمِ تصوّر میں لا کے دیکھیں گے
لیے ہیں اشک تمہارے جو مَیں نے دامن پر
انہیں کو لوگ ستارے بنا کے دیکھیں گے
نہ نام لیں گے وہ تیغ و تفنگ کا محمودؔ
جو لوگ معجزے صبر و رضا کے دیکھیں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں