جس کو ملنے سے روح جگمگانے لگے … نظم
(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 17جون 2022ء)
روزنامہ’’الفضل‘‘ربوہ 27؍نومبر 2013ء میں مکرم مبارک احمد صدیقی صاحب کی ایک نظم بعنوان ’’آؤ اُس سے ملیں‘‘ شامل اشاعت ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:
جس کو ملنے سے روح جگمگانے لگے
دل دھڑکنے لگے گنگنانے لگے
چشمِ ویران پھر جھلملانے لگے
اپنے ہاتھوں سے خوشبو سی آنے لگے
آؤ اُس سے ملیں ، آؤ اُس سے ملیں
جس کے لہجے میں لذّت ہے ایمان کی
جس کی باتوں میں خوشبو ہے آذان کی
جس کا ہر پَل ثناء ربِّ رحمان کی
جس کا ہر بول تفسیر قرآن کی
آؤ اُس سے ملیں ، آؤ اُس سے ملیں
جس کی نسبت سے ہم معتبر ہوگئے
ہم سے پتھر بھی لعل و گہر ہو گئے
بےہنر ، باسخن باہنر ہوگئے
کتنے اُجڑے ہوئے باثمر ہو گئے
آؤ اُس سے ملیں ، آؤ اُس سے ملیں