حضرت شیخ احمد فرقانی شہید آف عراق
(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ 11 اکتوبر 2019ء)
ماہنامہ ’’خالد‘‘ ربوہ مئی 2011ء میں مکرم عمار احمد پراچہ صاحب کے قلم سے حضرت شیخ احمد فرقانی صاحب کا ذکرخیر (تاریخ احمدیت سے منقول) شامل اشاعت ہے۔
ایک عرب مخلص نوجوان الحاج عبداللہ صاحب نے حضرت خلیفۃالمسیح الثانیؓ کی خدمت میں 16جنوری 1935ء کو بذریعہ خط اطلاع دی کہ عراق کے ایک نہایت مخلص احمدی حضرت شیخ احمد فرقانی صاحب کو شہید کردیا گیا ہے۔ آپ دس سال سے احمدیت کی خاطر مخالفین کے ظلم و ستم برداشت کرتے چلے آرہے تھے اور آپ کا بائیکاٹ بھی کیا گیا تھا۔ آپ بغداد سے قریباً دو سو میل دُور لواء کرکوک گاؤں میں رہتے تھے۔جب حضورؓ بغداد تشریف لے گئے تھے تو فرقانی صاحب کئی ہفتے آپؓ کے پاس آکر رہے تھے۔ حضورؓ نے شہید مرحوم کا ذکرخیر کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے بے حد محبت اور اخلاص رکھتے تھے۔ حضورؑ کے فارسی و عربی اشعار سن کر وجد میں آجاتے اور زاروقطار رونے لگتے۔
شہید مرحوم نے ’’مَصَائبُ الۡاَنۡبِیاء وَالۡاَبۡرَارِ علیٰ اَیدِی السَّفلۃِ وَالۡاَشۡرَارِ‘‘ کے نام سے ایک کتاب تصنیف کی تھی جو شائع نہیں ہوسکی۔