حضرت صوبیدار غلام حسین صاحبؓ

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 29؍اگست 2007ء میں مکرم غلام مصباح بلوچ صاحب کے قلم سے حضرت صوبیدار غلام حسین صاحبؓ کا ذکرخیر کیا گیا ہے۔
حضرت صوبیدار غلام حسین صاحبؓ آف بوچھال کلاں ضلع چکوال ایک نہایت مخلص، متقی، خلق خدا کے خیر خواہ اور علمی لحاظ سے نہایت لائق اور فائق تھے۔ جب آپؓ نے بیعت کی تو آپ راولپنڈی میں ملازم تھے۔ تبلیغ کا بہت عمدہ اور پُرحکمت انداز تھا۔
آپ نے 10 دسمبر 1929ء کو وفات پائی۔ آپ کی وفات جماعت بوچھال کلاں کے لئے ایک صدمہ تھی۔ حضرت عبدالمغنی صاحب ناظر بیت المال قادیان نے شعبہ مال کے لئے آپؓ کی خدمات کو اپنی رپورٹ میں سراہا۔ روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ نے آپؓ کی وفات پر لکھا: صوبیدار صاحب کی وفات کا ہر اس شخص کو خواہ احمدی ہو یا غیر احمدی یا غیرمسلم، جو اُن کا واقف ہو، نہایت ہی افسوس ہوگا۔ آپ نہایت ہی ہر دلعزیز اور اپنے اندر خصوصیت رکھتے تھے آپ بلحاظ علم بہت ہی لائق اور فائق اور مدلل تھے، یہ بات مبالغہ آمیز نہیں کہ خواہ کوئی کسی مذہب کا آدمی ہو مذہبی گفتگو میں اپنے قوی دلائل سے لاجواب اور ساکت کردیتے تھے۔… ما سوا اس کے آپ زہد اور تقویٰ، اخلاص اور عادات، خلق خدا کی خیر خواہی اور فائدہ رسانی میں بے نظیر تھے۔ آپ صاحب کشوف بھی تھے اور ملہم بھی تھے۔ جنگ عظیم سے پہلے آپ کو یہ بشارت دی گئی تھی کہ بہت سخت جنگ ہوگی مگر تم محفوظ رہوگے چنانچہ ایسا ہی وقوع میں آیا۔ جنگ میں آپؓ براہ راست شامل ہوئے مگر خدا نے محفوظ رکھا اور آپ خیریت سے 75 روپیہ پنشن کے اور 30 روپے بہادری کے ماہوار لے کر گھر آئے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں