حضرت مرزا محمد شفیع صاحب رضی اللہ عنہ
حضرت مرزا محمد شفیع صاحب رضی اللہ عنہ 1877ء میں دہلی میں پیدا ہوئے۔ 1901ء میں بیعت کی سعادت حاصل کی اور 1903ء میں قادیان حاضر ہوکر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی زیارت سے مشرف ہوئے اور پھر بالالتزام ہر سال جلسہ پر آتے رہے۔ میٹرک پاس کرنے کے بعد آپؓ محکمہ ڈاک میں ملازم ہوگئے۔ 1911ء میں دہلی دربار کے موقع پر آپؓ ایک سپیشل پوسٹ آفس کے انچار ج تھے اور آپؓ کو اعلیٰ خدمات کے عوض چاندی کا تمغہ دیا گیا۔ 1923ء میں مستقل قادیان تشریف لے آئے۔ جنوری 1924ء سے 1932ء تک آڈیٹر اور پھر وفات تک محاسب صدر انجمن احمدیہ کے عہدہ پر فائز رہے۔ 17؍جنوری 1945ء کو دہلی میں انتقال ہوا۔ جنازہ قادیان لایا گیا۔ حضرت مصلح موعودؓ نے نماز جنازہ پڑھائی اور جنازہ کو کندھا دیا۔
آپؓ کے ایک بیٹے مکرم مرزا احمد شفیع صاحب جو تعلیم الاسلام سکول میں استاد تھے 1947ء میں سکھوں کے حملہ کے نتیجہ میں شہید ہوگئے اور ایک دوسرے بیٹے مرزا منور احمد صاحب 1946ء میں بطور مبلغ امریکہ گئے جہاں 1948ء میں ان کی وفات ہوئی۔
حضرت مرزا محمد شفیع صاحبؓ کے مختصر حالات زندگی تاریخ احمدیت کی مدد سے محترم محمد یوسف بقاپوری صاحب نے مرتب کئے ہیں جو روزنامہ ’’الفضل‘‘ 24؍ستمبر 1996ء میں شائع ہوئے ہیں۔