حضرت ڈاکٹر بدرالدین احمد صاحبؓ
حضرت ڈاکٹر کیپٹن حافظ بدرالدین احمد صاحبؓ 1898ء میں حضرت خانصاحب مولوی فرزند علی صاحبؓ (سابق ناظر اعلیٰ) کے ہاں پیدا ہوئے۔ 1900ء میں آپؓ کے داداحضرت حکیم مولوی عمر دین صاحبؓ نے قادیان جاکر مع دیگر افراد خاندان دستی بیعت کا شرف حاصل کیا تو اُس وقت ڈاکٹر صاحبؓ بھی ساتھ تھے۔ بعد میں آپ نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج لاہور سے MBBS کیا اور بسلسلہ ملازمت بیرون ہندوستان (ملائشیا اور کینیا وغیرہ) میں مقیم رہے اور وہاں بھی حتی المقدور جماعتی خدمات بجالائے۔ دوسری جنگ عظیم میں آپؓ فوج میں بھرتی ہوگئے اور کیپٹن کے عہدہ پر فائز ہوئے۔ حضرت مصلح موعودؓ نے ایک باراحمدی ڈاکٹر صاحبان کے حافظ قرآن ہونے کی خواہش کا اظہار کیا تو آپؓ نے بڑی عمر ہونے کے باوجود قرآن کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرلی۔
حضرت حافظ صاحبؓ نے 1961ء میں 63سال کی عمر میں ربوہ میں وفات پائی اور بہشتی مقبرہ ربوہ میں مدفون ہوئے۔ آپؓ کی وفات پر حضرت مصلح موعود نے فرمایا: ’’سلسلہ کے آنریری مربی تھے اور اپنے خرچ پر اپنی پریکٹس کا حرج کرکے تین ماہ تک فلپائن میں دعوت الی اللہ کرتے رہے اور ایک بڑی اور فعال جماعت وہاں کرکے واپس آئے۔‘‘
حضرت حافظ بدرالدین صاحبؓ کا ذکرخیر روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 29؍جولائی 2006ء میں مکرم شیخ ناصر احمد صاحب کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔