سہ ماہی ’’ھوالشافی‘‘ جرمنی
(تعارف: فرخ سلطان محمود)
جماعت احمدیہ جرمنی کے شعبہ ہومیوپیتھی نے 2003ء کا آغاز ایک سہ ماہی رسالہ کے اجراء کے ساتھ کیا جو باقاعدگی سے اس کے بعد شائع ہورہا ہے۔ A5سائز کے قریباً 24 صفحات پر شائع ہونے والے اس مختصر سے رسالہ میں دریا کو کوزے میں بند کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ طب سے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام، خلفائے سلسلہ عالیہ اور دیگر بزرگان کے ارشادات کے علاوہ مختلف بیماریوں اور روزمرہ صحت کے مسائل کے طبی اور ہومیوپیتھی علاج کے سلسلہ میں متفرق مشورے، مجرب نسخے، حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ کے قیمتی نسخہ جات اور جدید طبی تحقیق کے نتائج پر مشتمل مختصر رپورٹس اور بعض غذاؤں کے اثرات کا بیان ان شماروں کی زینت ہے۔ ہومیوپیتھی سے دلچسپی رکھنے والوں کے لئے اس رسالہ کا مطالعہ یقینا بہت مفید ہے کیونکہ مختلف نسخہ جات کے استعمال کے حوالہ سے بھی کئی واقعات شامل اشاعت کئے جاتے ہیں اور بہت سے افراد اپنے ذاتی تجربات کو بھی بیان کرتے ہیں۔
اگرچہ اس رسالہ کا اجراء ایک چھوٹا سا آغاز ہے لیکن اس میدان میں احمدیوں کے تجربات اور باثمر کاوشوں کو محفوظ رکھنے اور دوسروں تک پہنچانے کے لئے یہ رسالہ نمایاں کردار ادا کرسکتا ہے۔ ہومیوپیتھی کی کلاسوں کے دوران سیدنا حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ نے جن مختلف امور کی تحقیق کے لئے ارشادات فرمائے تھے، ضرورت ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں ایسی تحقیق میں مصروف احمدیوں کی کوششوں سے دوسروں کو بھی روشناس کروایا جائے۔ نیز یورپ کے علاوہ افریقہ اور ایشیا کے اور دنیا کے دیگر ممالک کے احمدی ہومیوپیتھ بھی اس رسالہ کو تحقیقی فورم کے طور پر استعمال کرسکیں تو یہ نہ صرف ہومیوپیتھی کی ایک بہت بڑی خدمت ہوگی بلکہ دنیا بھر کے احمدی ہومیوپیتھ کے درمیان رابطہ کا ایک بہت بڑا ذریعہ بھی یہ رسالہ بن جائے گا۔
سادہ مگر دیدہ زیب گیٹ اَپ اور عمدہ پرنٹنگ کے حامل اس رسالہ میں جرمنی کی ہومیوپیتھی ٹیم کے اسماء اور اُن سے رابطہ کے لئے فون نمبر بھی دیئے گئے ہیں۔ اس رسالہ کی اشاعت پر مکرم رانا سعید احمد صاحب انچارج ہومیوپیتھی جرمنی اور اُن کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
نوٹ: اس رسالے کے چند منتخب شمارے اس ویب سائٹ میں شامل اشاعت کئے جارہے ہیں جن میں آئندہ اضافہ کیا جاتا رہے گا۔ انشاءاللہ
یہ رسائل اسی ویب سائٹ پر وقتاً فوقتاً اَپ ڈیٹ کئے جارہے ہیں۔ براہ کرم اوپر دی گئی ونڈو ’’ھوالشافی‘‘ میں ملاحظہ فرمائیں