قرآن پاک جہان میں تو وہ بے مثال کتاب ہے – نظم
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 6؍دسمبر 2006ء میں شامل اشاعت مکرم ظفر محمد ظفر صاحب کی قرآن کریم کی مدح میں کہی گئی نظم سے انتخاب پیش ہے:
قرآن پاک جہان میں تو وہ بے مثال کتاب ہے
جو کمال حسن و جمال میں فقط آپ اپنا جواب ہے
تری سُورتوں میں تجلّیاتِ ربوبیت کا ظہور ہے
ترے لفظ لفظ میں نُور ہے ترے حرف حرف میں آب ہے
تیری آیہ آیہ کے ربط میں ترے امرونھی کے ضبط میں
مری زندگی کا ہے ضابطہ مری بندگی کا نصاب ہے
تُو کلامِ ربّ خبیر ہے تُو نشانِ شان قدیر ہے
ترا کر سکے جو معارضہ بھلا کس غریب کی تاب ہے