لہو میں تر تھا پرندہ مگر اُڑان میں تھا … نظم
(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 30؍ستمبر2024ء)
روزنامہ’’الفضل‘‘ربوہ 12؍جولائی2014ء میں مکرم ڈاکٹر مہدی علی قمر شہید کی یاد میں مکرم مبارک احمد عابد صاحب کی ایک نظم شائع ہوئی ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب پیش ہے:
لہو میں تر تھا پرندہ مگر اُڑان میں تھا
یہاں تھا جسم وہ خود دوسرے جہان میں تھا
زمیں تھی پاؤں کی مٹی وہ تھا بلند بہت
مقام اُس کا کہیں دُور آسمان میں تھا
عطا کی اس کو شہادت نے اِک حیاتِ دوام
ذرا سا فاصلہ جو اس کے جسم و جان میں تھا
بہت ہی طاق تھا گو وہ فنِ جراحت میں
سخن وری کا سلیقہ بھی خوش بیان میں تھا
صدائیں دیتے ہیں اس کو نقوشِ پا اُس کے
دعائیں دیتا ہے اُس کو وہ جس مکان میں تھا
وہ کیا تھا ، کون تھا ، کس کس ہنر میں یکتا تھا
یہ ذکر خطبۂ آقائے عالی شان میں تھا