محترمہ انجمن آراء صاحبہ

لجنہ اماء اللہ جرمنی کے رسالہ ’’خدیجہ‘‘ 2006ء میں محترمہ انجمن آراء صاحبہ اہلیہ مکرم عبدالقدیر مرحوم کا ذکرخیر کرتے ہوئے اُن کی بیٹی مکرمہ عاصمہ اکرام صاحبہ رقمطراز ہیں کہ مرحومہ مکرم رحمت اللہ خان شاکر (سابق ایڈیٹر الفضل) کی بڑی بیٹی تھیں۔ 28؍مارچ 2006ء کو آپ کی وفات ہوئی۔ جب حضرت مصلح موعودؓ نے تحریک فرمائی کہ قادیان کی تمام عورتوں اور بچیوں کو قرآن پاک ناظرہ و با ترجمہ ضرور آنا چاہئے تو آپ نے تیرہ سال کی عمر میں قادیان میں قرآن کریم پڑھانے کا آغاز کیا اور پھر زندگی بھر یہ سلسلہ جاری رکھا۔ لاہور میں قیام کے دوران صبح سے رات تک چالیس پچاس عورتیں اور بچیاں قرآن پڑھنے آتیں جن میں بڑی تعداد غیرازجماعت کی تھی۔ آپ لمبا عرصہ حلقہ کی صدر لجنہ اور بعض دیگر خدمات بھی ادا کرتی رہیں۔ دوسروں کی ہمدرد اور دلجوئی کرنے والی تھیں۔ جرمنی آکر بھی چار سال تک حلقہ نور فرینکفرٹ کی صدر لجنہ رہیں ۔ پھر دیگر دو مجالس میں بھی گئیں تو وہاں بھی صدارت کی ذمہ داری آپ کے سپرد رہی۔ ہر جگہ قرآن کی تدریس جاری رہی۔ اور کئی لوگوں نے فون پر قرآن پاک پڑھا۔ نیزجماعتی رسالوں میں مضامین لکھنے کی توفیق بھی ملتی رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں