محترم الحاج عبد القادر صاحب دہلوی درویش
ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان (درویش نمبر 2011ء) میں محترم الحاج عبدالقادر دہلوی صاحب ولد حضرت ڈاکٹر عبدالرحیم صاحبؓ کے خودنوشت حالات زندگی شائع ہوئے ہیں ۔ آپ کے حالات زندگی قبل ازیں 4؍جون 2004ء کے اخبار کے ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘ کی زینت بن چکے ہیں ۔ چند اضافی امور ذیل میں پیش ہیں :
محترم عبد القادر دہلوی صاحب مدرسہ احمدیہ اور جامعہ احمدیہ سے فارغ التحصیل تھے۔ جنگ عظیم کے دوران فوج میں خدمت کی اور کئی بیرونی ممالک میں جانے کا موقع ملا۔ خوب تبلیغ کی توفیق بھی پائی۔ قبولیتِ دعا کے کئی معجزات دیکھے۔ جنگ ختم ہونے کے بعد فوج سے فراغت لی اور حضرت مصلح موعودؓ کی حفاظتِ مرکز کی تحریک پر لبّیک کہنے کی توفیق پائی۔ ابتدا میں آپ کو درویشان کی نگرانی کے لئے اپنے حلقہ کا جنرل سیکرٹری بنایا گیا اور ان درویشوں کو مصروف رکھنے کے لئے کام بانٹنے کی ذمہ داری دی گئی۔ ابتدائی زمانۂ درویشی میں دیہاتی مبلغین کلاس میں ہفتہ میں ایک بار موازنہ مذاہب پر آپ کا لیکچر ہوتا تھا۔
اللہ کے فضل سے آپ کو 1969ء میں حج کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ آپ نے بطور ناظم جائیداد و تعمیرات،آڈیٹر، محاسب، سیکرٹری بہشتی مقبرہ اور مختلف نظارتوں میں فرائض سرانجام دیئے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو تین لڑکے چارلڑکیاں عطا کیں ۔
(نوٹ: آپ کی وفات10 جنوری 2015ء کو بعمر97 سال ہوئی)۔