محترم شیخ رحمت اللہ صاحب سابق امیر کراچی
(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 2؍ ستمبر 2022ء)
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 24؍ستمبر2013ء میں محترم شیخ رحمت اللہ صاحب کی وفات کی خبر شائع ہوئی ہے جو مختصر علالت کے بعد 12؍ ستمبر کو 94 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ایک خطبہ جمعہ میں مرحوم کا ذکرخیر فرمایا اور بعدازاں نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
محترم شیخ صاحب نے 1943ء میں 24سال کی عمر میں احمدیت قبول کی تھی۔ آغاز میں دہلی کے امریکی سفارتخانے میں بطور کلرک ملازمت کی، پھر 1946ء میں پہلے لاہور اور پھر ایک سال کے بعد کراچی منتقل ہو گئے جہاں محترم چودھری شاہ نواز صاحب کے پاس ادویات کی درآمد کا کام شروع کیا۔ چونکہ رہائش کا کوئی انتظام نہیں تھا اس لیے دفتر میں ہی سو جایا کرتے تھے۔ 1950ء میں چودھری صاحب کی مدد سے مرحوم نے اپنا ذاتی کاروبار شروع کیا جس میں اللہ تعالیٰ نے بہت برکت عطا فرمائی۔ اگرچہ آپ کی دنیاوی تعلیم صرف میٹرک تھی لیکن ہر کوئی یہی سمجھتا تھا کہ آپ کافی تعلیم یافتہ ہیں۔
1950ء میں آپ نائب امیر کراچی مقرر ہوئے۔ 1953ء کے فسادات میں حضرت مصلح موعودؓ نے آپ کو وقتی طور پر حضرت چودھری عبداللہ خان صاحب کی جگہ امیر جماعت کراچی مقرر کیا۔ کیونکہ چودھری صاحب سرکاری ملازم تھے اور امکان تھا کہ انہیں ملازمت سے ہٹا دیا جائے گا۔ تاہم اس کے بعد چودھری صاحب کی علالت کے باعث آپ 1964ء تک بطور امیر کراچی کام کرتے رہے۔ تاریخ احمدیت کراچی میں لکھا ہے کہ 1953ء کے فسادات میں حضرت مصلح موعودؓنے کراچی میں بھی ایک علیحدہ صدر انجمن احمدیہ قائم فرمائی تھی، اس کا ناظرِ اعلیٰ بھی آپ کو مقرر فرمایا تھا۔ نیز حضرت مصلح موعودؓ کی طویل علالت کے زمانے میں جو نگران بورڈ قائم ہوا تھا اس کے بھی آپ ممبر رہے۔ خلافت کے وفادار، صاف گو، دیانتدار، بہت دعا کرنے والے اور مالی قربانی کرنے والے انسان تھے۔ سخی دل اور مخلص انسان تھے۔ دوستوں، عزیزوں اور ضرورتمندوں کی مالی امداد بھی کیا کرتے تھے۔ آپ کا حلقہ احباب کافی وسیع تھا اور اُن کو تبلیغ بھی کیا کرتے تھے۔ اللہ کے فضل سے آپ موصی تھے۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم ڈاکٹر نسیم رحمت اللہ صاحب نائب امیر امریکہ اور ویب سائٹ alislam.org کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمت کر رہے ہیں۔ دوسرے بیٹے مکرم شیخ فرحت اللہ صاحب نائب امیر ضلع فیصل آباد اور پاکستان میں مرکز کے صنعت و تجارت مشاورتی بورڈ کے صدر بھی ہیں۔ ان کی ایک بیٹی مکرمہ جمیلہ رحمانی صاحبہ اہلیہ مکرم میاں غلام رحمانی صاحب سابق سیکرٹری وصایا یوکے ہیں۔ نیز چھوٹی بیٹی ندرت ملک صاحبہ مقامی طور پر صدر لجنہ اور ریجنل صدر لجنہ ہیں۔