محترم چودھری رشید احمد صاحب وڑائچ
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 30؍اپریل 2011ء کی ایک خبر کے مطابق محترم چودھری رشید احمد صاحب وڑائچ 22؍اپریل 2011ء کو وفات پاگئے۔ آپ 11جون 1938ء کو محترم چودھری محمد حسین وڑائچ صاحب کے ہاں سدّوکی ضلع گجرات میں پیدا ہوئے تھے جنہوں نے 1924ء میں احمدیت قبول کی تھی۔
محترم چودھری رشید احمد صاحب نے 1960ء میں مونگ رسول کالج سے اوورسیئر کا ڈپلومہ فرسٹ ڈویژن میں پاس کیا۔ پھر 1976 ء تک واپڈا میں سب انجینئر رہے۔ پھر 1983ء تک لیبیا میں مقیم رہے اور بطور سول انجینئر کئی منصوبے مکمل کئے۔ مئی 1984ء سے دسمبر 1993ء تک ادارہ تعمیر مرکزیہ میں خدمات سرانجام دیں اور اس دوران بین الاقوامی معیار کے سوئمنگ پُول، لجنہ ہال کی عمارت، بیوت الحمد کالونی اور مسجد مبارک کی توسیع سمیت متعدد اہم عمارات کی تعمیر میں خدمات بجالائے۔ حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ کے ارشاد پر دو سال تک قادیان میں جاری منصوبوں کی نگرانی بھی کرتے رہے۔ آپ نے راولپنڈی، سرگودھا اور پشاور میں آرمی آفیسرز ہاؤسنگ کالونیز تعمیر کروانے کے علاوہ متعدد بڑے تعمیراتی منصوبے بھی مکمل کروائے۔ آپ نے دو بیٹے اور تین بیٹیاں یادگار چھوڑے ہیں۔ مکرم عبدالسمیع خانصاحب ایڈیٹر الفضل ربوہ آپ کے داماد ہیں۔