محترم ڈاکٹرعبدالغفور زاہد صاحب
روزنامہ ’’الفضل‘‘ یکم جنوری 1996ء میں محترم ڈاکٹر عبدالغفور زاہد صاحب کا ذکر خیر محترم عبدالرزاق صاحب نے کیا ہے۔ محترم ڈاکٹر صاحب ظاہری و باطنی حسن کا دلکش مرقع تھے۔ تعلیمی مراحل امتیاز کے ساتھ پاس کئے۔ پابندی وقت زندگی کا حصہ تھی۔ آپ کی تشخیص برائے ضرورت آپریشن ، قبولِ عام کی سند حاصل کرچکی تھی۔ آپ مریض سے اخراجات ہسپتال میں بہت رعایت کرتے چنانچہ ایک مقامی اخبار نے آپ کی وفات پر بہت عمدہ نوٹ شائع کیا کہ ان کی وفات سرگودھا شہر اور نواحی علاقوں کا مشترکہ غم ہے۔ اس وقت آپ کے ہسپتال کو آپ کے بڑے بیٹے ڈاکٹر انیس احمد شہزاد اپنے والد کے نقش قدم پر چلا رہے ہیں۔
مضمون نگار نے محترم ڈاکٹر صاحب مرحوم کے اعلیٰ خلق کے کئی واقعات بیان کرنے کے بعد وہ وصیت لکھی ہے جو آپ نے وفات سے قبل بچوں کو کی تھی یعنی اولاد کو عمدہ تعلیم دلوانی ہے، معاہدہ تحریری ہو اور اس میں سچ پر قائم رہنا ہے، لین دین کے معاملات صاف رکھنے ہیں، دنیوی مصروفیات میں سے وقت نکال کر نماز، قرآن کا ایک صفحہ اور کتب سلسلہ کا ایک صفحہ ضرور پڑھنا ہے۔ … اللہ تعالیٰ محترم ڈاکٹر صاحب مرحوم کی مغفرت فرمائے۔