محترم ڈاکٹر صالح محمد الہ دین صاحب

روزنامہ الفضل ربوہ 26مارچ 2011ء کے مطابق محترم ڈاکٹر حافظ صالح محمد الٰہ دین صاحب صدر صدر انجمن احمدیہ قادیان مورخہ 20 مارچ 2011ء کو صبح ساڑھے چھ بجے اسکارٹ ہسپتال امرتسر بھارت میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے ۔ آپ کی عمر 80سال تھی۔ آپ کی تدفین قطعہ صحابہ بہشتی مقبرہ قادیان میں ہوئی۔
سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ نے حضرت صاحبزادہ مرزا وسیم احمد صاحب کی وفات پر محترم حافظ صاحب کو صدر انجمن احمدیہ قادیان کا صدر مقرر کرتے ہوئے اپنے مکتوب محررہ 6مئی 2007ء میں فرمایا تھا کہ:’’آپ ایک لمبے عرصہ سے صدر انجمن احمدیہ قادیان کے ممبر چلے آ رہے ہیں۔ میںبڑا سوچ سمجھ کر اور دعا کے ساتھ آپ کو صدر صدر انجمن احمدیہ قادیان مقرر کر رہا ہوں گو آپ وقف زندگی نہیں ہیں مگر میں اب امید کرتا ہوں کہ میری خواہش کے مطابق آپ اپنے آپ کو وقف سمجھتے ہوئے اس اہم ذمہ داری کو نبھائیں گے۔ اللہ آپ کو اس کی توفیق عطا فرمائے‘‘۔ چنانچہ محترم حافظ صالح محمد الہ دین صاحب نے واقعی وقف کی روح کے مطابق اس اہم ذمہ داری کو نبھانے کی توفیق پائی۔
ڈاکٹر صالح محمد الہ دین صاحب کی پیدائش 1931ء میں حیدرآباد میں محترم علی محمد الٰہ دین صاحب کے ہاں ہوئی۔ آپ نے دینی و دنیاوی دونوں قسم کی تعلیم حاصل کی۔ ایک طرف قرآن مجید کے حافظ تھے تو دوسری طرف 1963ء میں شکاگو یونیورسٹی (امریکہ) سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ 1955ء سے 1991ء تک آپ نے عثمانیہ یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں بطور لیکچرار، ریڈر اور پروفیسر خدمات سر انجام دیں۔ آپ شعبہ علم فلکیات کی جدید تعلیم کے ڈائریکٹر بھی رہے۔ دنیا کے 100مشہور ماہر فلکیات میں آپ کا شمار ہوتا تھا۔ 50سے زائد ریسرچ پیپر آپ نے شائع کئے۔ آپ کی بہت بڑی ریسرچ 1894ء میں چاند سورج گرہن کے بارہ میں تھی۔ آپ ہندوستان اور بیرون ہند کئی کمیٹیوں کے ممبر رہے۔ جن میں سے کچھ مشہور کمیٹیوں کے نام یہ ہیں:
International Astronomical Union.
Astronomical Society of India.
Plasma Science Society of India.
Indian Association for General Relativity and Gravitation.
Indian Association of Physics Teachers.
آپ کی خدمات کے عوض میں آپ کو کئی ایک سوسائٹیوں کی طرف سے اعزازات سے نوازا گیا۔ جن میں سے چند یہ ہیں:
Meghnad Saha Award 1981 from UGC New Delhi.
Man of the Year 2000 American Biographical Institute USA.
2000 Outstanding People Medal.
International Biographical Centre Cambridge UK 2003.
Bharat Excellence Award.
Friendship Forum of India 2006.
500 Great Leaders Diploma.
American Biographical Institute USA 2008.
آپ کئی سال تک جماعت احمدیہ سکندرآباد کے صدر رہے اور صوبائی امیر آندھرا پردیش کی حیثیت سے بھی خدمات بجا لاتے رہے۔ آپ 2007ء سے تا وفات صدر صدر انجمن احمدیہ بھارت رہے۔
آپ گوناگو ں خوبیوں کے مالک تھے جن میں سب سے بڑی خوبی خدا تعالیٰ پر توکل کرنا اور اس کی عبادت یعنی نماز کی وقت پر ادائیگی کرنا خاص ہے۔ آپ حضرت مولانا عبدالمالک خان صاحب سابق ناظر اصلاح وارشاد مرکزیہ کے داماد تھے۔ نہایت متقی اور دعا گو بزرگ تھے۔ ہر کسی پرحسن ظن رکھنا اور کسی کے جذبات کو ادنیٰ سی ٹھیس پہنچانے سے بھی گریز کرنا آپ کا خاص وصف تھا۔
حضرت اقدس مسیح موعود کی صداقت کے عظیم الشان نشان سورج چاند گرہن پر کافی تحقیق کی اور 1994ء میں اس نشان کے سو سال پورے ہونے پر حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کے ارشاد پر جلسہ سالانہ UK پر تقریر بھی کی۔ جلسہ سالانہ قادیان پر ہر سال آپ کی تقریر بالعموم توحید باری تعالیٰ کے عنوان پر ہوا کرتی تھی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں