مِردوں کی صحت – جدید تحقیق کی روشنی میں

مردوں کی صحت – جدید تحقیق کی روشنی میں
(شیخ فضل عمر)

مردوں کی جسمانی صحت میں اہم کردار ادا کرنے والی بعض معدنیات سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش ہے۔ یہ معلومات امریکا کی ایک غذائی ماہر لوئیس جٹلمین نے اپنی کتاب Super Nutrition For Men میں بیان کی ہیں۔ سب سے پہلے تو اُن کا کہنا ہے کہ غذاؤں کو ریشوں اور چھلکوں سے صاف کرنے کا جو رجحان فروغ پارہا ہے، اُس عمل میں یعنی Refining Process کی وجہ سے بہت سے اہم معدنی اجزاء ضائع ہوجاتے ہیں۔ اور ضروری ہے کہ غذا کی تیاری میں احتیاط سے کام لیا جائے تاکہ اُس میں موجود اہم معدنیات اور دیگر اجزاء سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے۔
اپنی کتاب میں انہوں نے جن معدنیات کو مردوں کے لئے زیادہ اہم قرار دیا ہے، اُن میں سرفہرست جست یعنی Zinc ہے جو مردانہ اوصاف کو بہترین حالت میں رکھنے کے لئے ناگزیر ہے۔ بلکہ محنت مشقت کا کام کرنے والوں کو جست کی ضرورت بھی زیادہ ہوتی ہے کیونکہ محنت کے کام کی وجہ سے پسینے اور دیگر راستوں سے جسم میں موجود جست خارج ہوتا جاتا ہے۔ نیز پراسٹیٹ غدود کے بڑھنے کے علاج میں بھی زنک سپلیمنٹس سے مدد لی جاسکتی ہے۔ یہ معدن سرخ گوشت، انڈے اور سمندری مچھلی میں وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔
پھر کیلشیم کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ مرد جو کیلشیم زیادہ استعمال کرتے ہیں، ان میں بلڈ پریشر معمول کی حد میں رہتا ہے اور ہائپرٹینشن کی شکایت کم دیکھنے میں آتی ہے۔ جبکہ ہڈیوں کی تعمیر و تشکیل میں بھی کیلشیم کا نمایاں کردار ہوتا ہے۔ کیلشیم سب سے زیادہ دودھ اور دیگر ڈیری مصنوعات، سبز پتوں والی اور سمندری سبزیوں اور مچھلی کے کانٹوں میں پایا جاتا ہے۔
اس کے بعد تانبے یعنی Copper کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ اگرچہ یہ دل کی بیماریوں اور بے قاعدہ دھڑکنوں کی تکلیف سے بچاتا ہے اور اس کی کمی سے کولیسٹرول اور بلڈپریشر کی سطح بلند ہوسکتی ہے جس سے دل کی دھڑکن میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔ لیکن جسم میں ضرورت سے زیادہ تانبے کی مقدار بھی صحت کو خطرے میں ڈال سکتی ہے اور اس سے دانتوں کے مسائل کے علاوہ گردے کے غدود کی فعالیت میں کمی بھی پیدا ہوسکتی ہے۔ بلکہ جسم میں تانبے کے زہریلے اثرات کے سبب گھبراہٹ، خارش، مختلف اقسام کے Infectionsبھی ہوسکتے ہیں۔ تانبا جن غذاؤں میں پایا جاتا ہے ان میں گری دار میوے، مٹر کے دانے، پھلیاں، سیپیاں، کوکوا، عام چائے اور سویا مصنوعات شامل ہیں۔
ایک اَور ضروری معدن میگنیشیم ہے جو بہت زیادہ مشقت یا ورزش کرنے والے مردوں کے لئے اس لئے بھی ضروری ہے کیونکہ یہ پٹھوں کو کام کرنے کے قابل رکھنے میں اہم ترین کردار ادا کرتا ہے۔ نیز یہ دل کی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے، ہائی بلڈپریشر کو قابو رکھنے میں مددگار ہوتا ہے اور قدرتی سکون بخش دوا کے طور پر بھی کام کرتا ہے۔ یہ معدن سبز پتوں والی سبزیوں، گری دار میووں مثلاً بادام، اخروٹ اور بیجوں میں زیادہ پایا جاتا ہے۔
کتاب میں سلینیئم کا بھی ذکر کیا گیا ہے جو مختلف بیماریوں کا مقابلہ کرنے میں، خصوصاً جلد، پھیپھڑے اور معدے کے سرطان سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ وٹامن Eکے ساتھ مل کر کام کرتا ہے اور خلیات کو فری ریڈیکلز سے پہنچنے والے نقصانات سے تحفظ فراہم کرتا ہے جس سے بڑھاپے کے اثرات دیر سے ظاہر ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بالوں، آنکھوں اور جلد کو صحت مندرکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سلینئم گندم کی بھوسی، گردے کلیجی، تیل والی مچھلی، سورج مُکھی کے بیج، دالوں اور گری دار میووں میں پایا جاتا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں