مَیں اپنے حوالے سے تیرے لئے کیا لکھوں – نعتیہ کلام
ماہنامہ ’’النور‘‘ امریکہ اپریل 2012ء میں مکرمہ ڈاکٹر فہمیدہ منیر صاحبہ کی ایک طویل نعت شامل اشاعت ہے۔ اس نعت میں سے انتخاب پیش ہے:
مَیں اپنے حوالے سے تیرے لئے کیا لکھوں
دنیا سے الگ ہو لوں تب صلِّ علیٰ لکھوں
لفظوں میں کہاں طاقت ، سب ہیچ ہیں ادنیٰ ہیں
اے کاش تری خاطر اک حرفِ رَسا لکھوں
وہ جُود و سخا لکھوں وہ فہم و ذکا لکھوں
کردار کی وہ عظمت یا شرم و حیا لکھوں
لکھتی ہی رہوں گی مَیں اِک عمر اگر لکھوں
دنیا نے جو لکھا ہے مَیں اُس سے سِوا لکھوں
مَیں خاکِ کفِ پا ہوں ، اِک ادنیٰ سی ہستی ہوں
احکام تیرے سارے سر آنکھوں پہ رکھتی ہوں
ماریں گے بھلا مجھ کو کیا لوگ یہ دیوانے؟
اس نام پہ جیتی ہوں اس نام پہ مرتی ہوں
وہ نُور بھرا چہرہ دِکھلانے کو پھر آ جا
اس دین کی عظمتؔ کو منوانے کو پھر آ جا
اِس دَور کے بدّو ہیں صحراؤں میں بیٹھے ہیں
صدیاں ہوئی روتے ہیں بہلانے کو پھر آ جا