مکرم احمد نصراللہ صاحب شہید
ماہنامہ ’’خالد‘‘ ربوہ کے مختلف شماروں میں چند شہدائے احمدیت کا تذکرہ حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ کے خطباتِ جمعہ کے حوالے سے شامل اشاعت ہے۔
آپ مکرم ڈاکٹر اعجازالحق صاحب آف آسٹریلیا کے بیٹے اور حضرت چودھری سر محمد ظفراللہ خان صاحبؓ کے نواسے تھے۔ آپ انتہائی نیک نفس، سادہ اور پُروقار طبیعت کے مالک تھے۔ بچپن سے ہی تہجد گزار تھے۔ خدا کے فضل سے موصی بھی تھے اور ہر مالی قربانی میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔
آپ اپنی والدہ مکرمہ اَمَۃالحئی صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری حمید نصراللہ صاحب امیر ضلع لاہور کے پاس لاہور میں رہتے تھے۔ 5؍فروری 1994ء کو بعض نامعلوم حملہ آوروں نے آپ کے کمرے میں گھس کر آپ کے سر پر آہنی سریہ مار مار کر آپ کو شہید کردیا اور جاتی دفعہ دروازے کو باہر سے مقفّل کرگئے۔ اگلے دن شام کے وقت آپ کی شہادت کا علم ہوا۔ تدفین ربوہ کے عام قبرستان میں ہوئی۔ آپ غیرشادی شدہ تھے۔