مکرم میجر (ر) عبد اللطیف صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 24؍مارچ 2008ء میں مکرم میجر عبداللطیف صاحب سابق نائب امیر ضلع لاہور کا ذکر خیر مکرم رانا مبارک احمد صاحب کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔
مضمون نگار بیان کرتے ہیں کہ مکرم میجر عبداللطیف صاحب کے ساتھ خاکسار کو 7 سال تک بطور محاسب اور پھر 15 سال بطور صدر حلقہ کام کرنے کا موقع بھی ملا۔ آپ وقت کے پابند کبھی چھٹی نہ کرنے والے، جملہ شعبہ جات کی ذاتی نگرانی کرنے والے، جماعتی کام کو ذاتی کام پر اوّلیت دینے والے، اصولوں کے پابند اور بے حد اطاعت گزار تھے۔ ایک جرأت مند اور پُر عزم قائد اور انتھک خادم سلسلہ تھے۔ اختلاف رائے یا ناراضگی بھی ہوجاتی تو بھی دل میں کبھی کوئی بات نہ رکھتے۔ ہر کسی کی مدد اور عہدیدار کی دل سے عزت کرتے اور اُس کے لئے دعا بھی کرتے تھے۔
آپ زمانہ طالب علمی میں سلسلہ کا لٹریچر پڑھ کر 1938ء میں احمدی ہوئے۔ پھر مجلس خدام الاحمدیہ دہلی میں قائد مجلس بھی رہے اور تحریک جدید کے دفتر اول میں بھی شامل ہوئے۔ بسلسلہ ملازمت جہاں بھی رہے، بطور عہدیدار خدمت کی توفیق پائی۔ 1962ء میں لاہور آئے تو بحیثیت سیکرٹری ضیافت خدمات کا آغاز کیا۔ 1990ء میں نائب امیر مقرر ہوئے اور پندرہ سال تک یہ خدمت بجالائے۔ موصی تھے۔ 21؍مارچ 2005ء کو لاہور میں وفات پائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں