میجر جنرل چودھری ناصر احمد صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 8؍اکتوبر 2010ء میں شامل اشاعت ایک مختصر مضمون میں مکرمہ س۔منیرہ باجوہ صاحبہ نے محترم میجر جنرل (ر) چودھری ناصر احمد صاحب شہید کا ذکرخیر کرتے ہوئے تحریر کیا کہ شہید مرحوم ہمارے عزیزوں میں سے تھے۔ اعلیٰ اخلاق کے مالک،منکسرالمزاج، وفا شعار ، وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے غازی اور ایک فاتح جرنیل تھے۔ 1987ء سے شہادت تک حلقہ ماڈل ٹا ئون کے صدر جماعت اور 20 سال سے بطور سیکرٹری اصلاح و ارشاد ضلع لاہور نیز متعدد دیگر خدمات بجا لاتے رہے۔ آپ سابق چیف ائیر مارشل ظفر چوہدری صاحب اور مکرم انور احمد کاہلوں صاحب سابق امیر جماعت احمدیہ برطانیہ کے بہنوئی تھے ۔
جلسہ سالانہ، اجتماعات یا دیگر مواقع پر ربوہ آتے تو اکثر مجھے ان کی میزبانی کی توفیق ملتی۔ آپ نے زندگی میں بہت اعزاز پائے لیکن ہمیشہ کسرنفسی اور عاجزی سے زندگی بسر کی۔ بے حد پیار کرنے والے وجود تھے ۔ ہم ان کے سامنے بالکل بچے تھے لیکن ملتے وقت آپ ہمیشہ کھڑے ہو کر ہمیں پیا ر اور عزت دیا کرتے تھے۔ ایسے بزرگ تھے کہ ہر معمولی خدمت پر بھی اس قدر ممنون احسان ہوتے کہ دعائیں دیتے ہوئے اور شکریہ ادا کرتے ہوئے گویا بچھے جارہے ہیں۔ بے حد سادہ طبیعت، نرم دل اور بڑے ہی بااصول تھے۔ میرے والدمحترم میجر حمید احمد کلیمؔ ؔصاحب (سابق پرائیویٹ سیکرٹری) کے ساتھ جہاں عزیز داری تھی وہاں ہم پیشہ اور خلافت کے ساتھ عاشقانہ تعلق ہونے کے ناطے آپس میں گہری دوستی اور بے تکلفی بھی تھی۔دونوں ہی مختلف جنگی محاذوں کے غازی اور ہم مزاج بھی تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں