نظام انہضام اور معدہ کے معاملات – جدید تحقیق کی روشنی میں

نظام انہضام اور معدہ کے معاملات – جدید تحقیق کی روشنی میں
(عبادہ عبداللطیف)

٭ پیراگوئے کی یونیورسٹی آف لائف سائنس کے پروفیسر پاول کولوکیو نے اپنے تحقیقی تجربات کے بعد مرتب کی جانے والی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ پودینے کے تیل سے تیار کی جانے والی گولیاں نہ صرف نظام ہضم کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتی ہیں بلکہ مثانے میں خرابی کو درست کرنے میں بھی پودینے کا ست مفید ثابت ہوا ہے۔ مذکورہ پروفیسر کی سربراہی میں طبّی ماہرین کی ایک ٹیم نے لیباریٹری میں پودینے کی مختلف اقسام کے متعدد اجزاء پر تجربات مکمل کرنے کے بعد بہت سی بیماریوں میں پودینے کو مفید قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پودینے کا تیل جسم میں چربی کو پگھلانے میں بھی مفید ثابت ہوا ہے اور معدے کے ابتدائی مسائل میں پودینے کا مختلف صورتوں میں استعمال فائدہ دیتا ہے مثلاً پودینے کی چٹنی، پودینے کی چائے اور پودینے کے ست سے بنائی جانے والی دیگر ادویات یکساں مفید ہیں۔
٭ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ معدے کی تیزابیت کے لئے استعمال کی جانے والی مختلف دوائیں ہڈیوں کی مضبوطی کو ختم کر دیتی ہیں۔ خاص طور پر کولہے کی ہڈی کے ٹوٹنے کی ایک بڑی وجہ ان دواؤں کا زیادہ استعمال ہے۔ نظام انہضام سے متعلق شائع ہونے والے ایک جریدے میں اِس تحقیق کے نتائج میں تجویز کیا گیا ہے معمر افراد کو معدے کی تیزابیت کو ختم کرنے والی دواؤں کا استعمال بہت کم کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر ڈگلس کورلے نے اپنی تحقیق کے دوران دوا استعمال کرنے والے معدے کے 40ہزار مریضوں اور دوا استعمال نہ کرنے والے ایک لاکھ 30ہزار مریضوں کا مطالعہ کیا اور خبردار کیا کہ50 سال سے زائد عمر میں اس نوعیت کی ادویات کے استعمال میں نہایت احتیاط کرنی چاہئے ورنہ کولہے کی ہڈی کا فریکچر ہوسکتا ہے۔
٭ طبّی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیلی ویژن دیکھتے ہوئے کھانا کھانے کی عادت طبی مسائل سے دوچار کرتی ہے۔ ماہرین نے یہ بھی کہا ہے کہ پانچ گھنٹے سے زائد ٹیلی ویژن دیکھنے والے بچوں اور بڑوں میں کھانے پینے کی عادات پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں جس کے باعث ان کو متعدد اقسام کے طبی مسائل سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کھانا کھاتے ہوئے ٹیلی ویژن دیکھنا معدے پر بوجھ کا باعث بنتا ہے جس سے نظام ہضم شدید طور پر متاثر ہوسکتا ہے۔ اس تحقیق کیلئے 564 نوجوانوں کے علاوہ بڑے افراد کی عادات اور نظام ہضم کی کیفیت کا بھی مطالعہ کیا گیا۔ اور دیکھا گیا کہ ٹیلی ویژن دیکھتے ہوئے کھانا کھانے والوں کی توجہ بٹ جانے سے پورے جسم میں ہار مونز کا اخراج نسبتاً زیادہ ہونے سے جسم کے اندر کیمیاوی تبدیلیاں واقع ہوتی رہیں جس سے مختلف طبی مسائل نے جنم لیا۔
٭ طبی ماہرین نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ نشاستہ دار غذاؤں کے استعمال سے خون میں شکر کی مقدار میں اضافہ ہوجاتا ہے جو خون کو گاڑھا کر کے عارضۂ قلب کے امکانات کو 65 فیصد تک بڑھا سکتی ہے۔ اور اِس عمل کی واضح علامات میں معدے میں جلن، بھاری پن یا طبیعت میں سستی طاری ہونا شامل ہیں۔ اور یہ کہ جن لوگوں کو یہ علامات لاحق ہوں اُن کو فوری طور پر پھل اور سبزیوں کے استعمال پر توجہ دینی چاہئے۔
٭ امریکہ کے نیشنل سینٹر برائے کمپلیمینٹیری اینڈ انٹرنیٹو میڈیسن کے ماہرین غذائیات نے کہا ہے کہ ادرک کا استعمال انسانی صحت کے لئے بہت مفید ہے اور اِس کے طبّی خواص زیادہ ہونے کے علاوہ اس کے کوئی مضر اثرات بھی نہیں ہیں۔ ایک مطالعاتی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ادرک کا استعمال، عمر بڑھنے کے ساتھ لاحق ہونے والے ممکنہ دردوں سے بچانے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے اور اِس کا باقاعدہ استعمال کئی دیگر بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ادرک کا استعمال معدے کا درد روکنے، نشہ کرنے پر قابو پانے اور کِیموتھراپی کے اثرات پر قابو پانے میں مؤثر ثابت ہوچکا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں