نیشنل تعلیم ریلی 2022ء۔ مجلس انصاراللہ برطانیہ
(مطبوعہ ’’الفضل انٹرنیشنل‘‘ لندن 19 جولائی 2022ء)
انصار میں مسابقت کی روح پیدا کرنے کے لیے اور اُن کے علمی معیار کو بڑھانے کے لیے قیادت تعلیم مجلس انصاراللہ برطانیہ کی طرف سے کئی پروگرام مسلسل جاری رہتے ہیں جن میں اہم ترین حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی منتخب کتب کا مطالعہ اور اُن کا امتحان بھی شامل ہے۔ نیز مقامی، علاقائی اور قومی سطحوں پر وقتاً فوقتاً علمی مقابلہ جات کا انعقاد بھی اس قیادت کے لائحہ عمل میں شامل ہے۔ چنانچہ تینوں سطحوں پر اجتماعات کے علاوہ علمی مقابلہ جات کے انعقاد کے لیے ایک نیشنل تعلیم ریلی بھی امسال مسجد بیت الفتوح مورڈن سے ملحقہ طاہر ہال میں 3؍جولائی 2022ء بروز اتوار منعقد کی گئی جو سارا دن نہایت کامیابی سے جاری رہ کر شام سات بجے اختتام پذیر ہوئی۔ اس دوران صبح ناشتہ اور دوپہر کے کھانے کے علاوہ دن بھر مشروبات اور دیگر لوازمات کی فراہمی کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
تعلیم ریلی میں انصار کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا جس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ اس میں سارے مقابلہ جات اوپن تھے جبکہ اجتماعات میں منعقد ہونے والے علمی مقابلہ جات میں وہی انصار شامل ہوتے ہیں جو اس سے پہلی سطح پر پوزیشن حاصل کرتے ہیں۔ مقابلہ جات کا انعقاد طاہر ہال کے علاوہ مسجد بیت الفتوح کے مختلف حصوں میں بھی کیا گیا۔ جیّد علمائے کرام نے منصفین کے فرائض سرانجام دیے۔ صبح آٹھ بجے کے بعد سے ناشتے اور رجسٹریشن کا انتظام طاہر ہال کے عقبی حصے میں کیا گیا تھا۔ افتتاحی اجلاس ٹھیک نو بجے طاہر ہال میں شروع ہوا۔ اس تعلیم ریلی کی انتظامیہ نیشنل عاملہ مجلس انصاراللہ برطانیہ پر مشتمل تھی جنہوں نے ہر پہلو سے بہترین انتظامات کو ممکن بنایا۔ انتظامیہ درج ذیل اراکین پر مشتمل تھی:
منتظمین اعلیٰ: مکرم شکیل احمد بٹ صاحب نائب صدر مجلس انصاراللہ برطانیہ اور مکرم راجہ برہان احمد صاحب قائد تعلیم مجلس انصاراللہ برطانیہ
منتظم رجسٹریشن: مکرم نویدالظفر صاحب
منتظم رابطہ: مکرم محمد محمود خان صاحب
منتظمین علمی مقابلہ جات: مکرم احمد نصیرالدین صاحب، مکرم میر انجم پرویز صاحب، مکرم حارث لطیف صاحب
منتظمین تیاری مقام ریلی: مکرم اشفاق خان صاحب، مکرم ڈاکٹر طیب منصور صاحب
منتظمین تیاری کھانا و مہمان نوازی : مکرم مظفر حسین صاحب، مکرم چودھری محمود احمد صاحب، مکرم سیّد کلیم شاہ صاحب، مکرم عصمت اللہ چودھری صاحب اور مکرم اظہر مصطفیٰ صاحب
منتظم اعلانات: مکرم فضل احمد طاہر صاحب اور مکرم احسان قمر صاحب
منتظم تعلیم القرآن کوئز: مکرم فضل احمد طاہر صاحب
منتظم ڈسپلن: مکرم عطاء المومن زاہد صاحب
منتظمین سوشل میڈیا و رپورٹس: مکرم مظفر احمد بھٹی صاحب اور خاکسار محمود احمد ملک۔
منتظم تیاری انعامات: مکرم احسان اللہ قمر صاحب
منتظم سیکیورٹی: مکرم بشارت احمد چودھری صاحب
منتظمین پارکنگ: مکرم فضل حق صاحب اور مکرم مبارک نیازی صاحب
افتتاحی اجلاس کی صدارت مکرم ظہیر احمد جتوئی صاحب قائمقام صدر مجلس انصاراللہ برطانیہ نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور اس کا اردو ترجمہ پیش کرنے کی سعادت مکرم ظفراللہ احمدی صاحب نے حاصل کی، مکرم عمران یوسف صاحب نے آیات کریمہ کا انگریزی میں ترجمہ پڑھ کر سنایا۔ عہد دہرائے جانے کے بعد مکرم شیخ ندیم احمد صاحب نے خوش الحانی سے چند اشعار پیش کیے جس کے بعد صدر اجلاس نے مختصراً اس ریلی کے انعقاد کی مناسبت سے انصار کو خوش آمدید کہا۔ بعدازاں مکرم راجہ برہان احمد صاحب قائد تعلیم مجلس انصاراللہ برطانیہ نے علمی مقابلہ جات کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ دعا کے ساتھ یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا جو مکرم ظہیر احمد جتوئی صاحب نے کروائی۔
تعلیم ریلی میں درج ذیل انفرادی علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ ہر مقابلے میں شرکاء کی تعداد کو آگے بریکٹس میں لکھا جارہا ہے:
مقابلہ تلاوت قرآن کریم صف اوّل (26)، مقابلہ تلاوت قرآن کریم صف دوم (20)، مقابلہ نظم خوانی صف اوّل (30)، مقابلہ نظم خوانی صف دوم (20)، مقابلہ تقریر اردو صف اوّل (19)، مقابلہ تقریر اردو صف دوم (12)، مقابلہ فی البدیہ تقریر اردو صف اوّل (11)، مقابلہ فی البدیہ تقریر اردو صف دوم (7)، مقابلہ تقریر انگریزی صف اوّل (5)، مقابلہ تقریر انگریزی صف دوم (11)، مقابلہ فی البدیہ تقریر انگریزی صف اوّل (5)، مقابلہ فی البدیہ تقریر انگریزی صف دوم (10)۔
اسی طرح ریجن کی سطح پر بنائی جانے والی ٹیموں کے بھی مختلف مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں تعلیم القرآن کوئز (اردو)، تعلیم القرآن کوئز (انگریزی)، پیغام رسانی اور بیت بازی شامل تھے۔
تعلیم ریلی کا اختتامی اجلاس مکرم و محترم صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب نائب صدر صف دوم مجلس انصاراللہ برطانیہ کی زیرصدارت طاہر ہال میں بعد نماز عصر منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کی سعادت مکرم نعیم احمد شیخ صاحب نے حاصل کی۔ ترجمہ مکرم حکیم مینسا صاحب نے پیش کیا۔ عہد دہرائے جانے کے بعد مکرم ندیم احمد صاحب نے نظم پڑھی۔ اس کے بعد مکرم راجہ برہان احمد صاحب قائد تعلیم نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ تعلیم ریلی کے انعقاد کے پس منظر میں دو بڑی وجوہات ہیں جن میں سے پہلی گزشتہ دو سالوں میں کووِڈ کی وجہ سے ایسے پروگراموں کے انعقاد میں مشکلات اور ان کی تعداد میں کمی ہے اور دوسرے سالانہ اجتماع میں وقت کی کمی کی وجہ سے مقابلہ جات کے شرکاء کی تعداد کو محدود رکھنے کی مجبوری شامل ہے۔
مکرم قائد صاحب تعلیم نے گزشتہ ایک سال کے دوران اپنے شعبہ کی دیگر سرگرمیوں پر بھی طائرانہ روشنی ڈالی۔ انہوں نے خاص طور پر کتب ’’حقیقۃالوحی‘‘ اور ’’دیباچہ تفسیرالقرآن‘‘ کے حوالے سے کیے جانے والے شاندار علمی پروگرام کو تفصیل سے بیان کیا اور اعدادوشمار کی روشنی میں اپنی کامیاب کارکردگی کی وضاحت کی۔ انہوں نے بتایا کہ امسال مجلس انصاراللہ کے مقابلہ مضمون نویسی میں 55انصار شامل ہوئے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ اسی طرح اُن آیات کریمہ کے حفظ کرنے کی طرف بھی توجہ دلائی گئی جن کی حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی نمازوں میں تلاوت فرماتے ہیں۔ چنانچہ گیارہ ریجنز کے 119 انصار نے اس تحریک پر لبیک کہا۔ قیادت تعلیم اجلاسات عام کے لیے گزشتہ ایک سال سے مواد مہیا کرنے کا بھی انتظام کرتی ہے۔ اسی طرح تین سال سے یوم خلافت کے موقع پر مشاعرے کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔
مکرم راجہ صاحب نے تعلیم ریلی کی کامیابی میں کوششیں کرنے والے تمام منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور مکرم صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب سے انعامات تقسیم کرنے کی درخواست کی۔ انعامات کی تقسیم کے بعد مکرم صاحبزادہ صاحب نے اختتامی تقریر کی جس میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تحریرات کی روشنی میں قرآنی دعا اِھْدِنَاالصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَ پڑھتے رہنے کی طرف توجہ دلائی۔ آپ مختصراً انصار کو اُن کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور بعد ازاں دعا کے ساتھ یہ تعلیم ریلی اختتام پذیر ہوئی۔ خداتعالیٰ کے فضل سے اس ریلی میں رجسٹرڈ حاضرین کی کُل تعداد 274تھی جبکہ بہت سے احباب رجسٹریشن کروائے بغیر بھی پروگرام سے لطف اندوز ہوئے۔
(رپورٹ: محمود احمد ملک۔ منتظم رپورٹنگ)