وادیٔ بطحاء میں جو برسی گھٹا قرآن ہے – نظم
ماہنامہ ’’النور‘‘ امریکہ جنوری 2012ء میں قرآن کریم کی مدح میں مکرمہ ارشاد عرشی ملک صاحبہ کی ایک نظم شائع ہوئی ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:
وادیٔ بطحاء میں جو برسی گھٹا قرآن ہے
نُور جو قلبِ محمدؐ پر گرا قرآن ہے
نہ یدِ بیضا نہ موسیٰ کا عصا قرآن ہے
تھے نشاں وہ بھی مگر ان سے سوا قرآن ہے
ہے عجائب کا جہاں ہر ایک آیت میں نہاں
رہتی دنیا تک انوکھا معجزہ قرآن ہے
سب مذاہب کی کتابیں رطب و یابس سے بھری
جس کا اِک اِک حرف ہے حرفِ خدا قرآن ہے
طالبِ صادق کے سینے کے لئے دستِ شفا
دل کے ہر اک روگ کی شافی دوا قرآن ہے
دل کے اندھوں کے لئے یہ نُور ہے بینائی ہے
دل کے بہروں کے لئے بانگِ درا قرآن ہے
اِک اندھیری غار کو جس نے منوّر کردیا
نُور ہے ارض و سما کا وہ ضیاء قرآن ہے