وہ بندی تری بس رضا چاہتی تھی – نظم
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 14ستمبر 2011ء میں مکرم فاروق محمود صاحب کی ایک نظم بعنوان ’’حضرت صاحبزادی ناصرہ بیگم صاحبہؒ کے لئے عاجزانہ دعا‘‘ شائع ہوئی ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب پیش ہے:
وہ بندی تری بس رضا چاہتی تھی
تجھی سے تجھے مانگنا چاہتی تھی
محبت بھی ، رحمت بھی ، بخشش بھی تیری
وہ ہر آن تیری رضا چاہتی تھی
وہ کہتی تھی بس خانۂ دل میں تُو ہو
وہ رحمت کی تیری رِدا چاہتی تھی
ہزاروں ہزاروں تری رحمتیں ہوں
میسّر ترے قرب کی جنتیں ہوں
وہاں بھی تجھی سے سبھی نسبتیں ہوں
ہاں مقبول بھی ہجر کی شدّتیں ہوں
وفا کا عجب سلسلہ چاہتی تھی
تجھی سے تجھے مانگنا چاہتی تھی
وہاں بھی ہر ایک غم میں خود دُور رکھنا
اِسے شاد و آباد ’’منصور‘‘ رکھنا
یہاں اِس کے پیاروں کو ’’مسرور‘‘ رکھنا
ہمیں اِس کی یادوں سے پُرنور رکھنا
رضا دے اُسے جو رضا چاہتی تھی
تجھی سے تجھے مانگنا چاہتی تھی