وہ جو احمدؐ بھی ہے اور محمدؐ بھی ہے — نعتیہ کلام
(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 16؍ستمبر2024ء)
لجنہ اماءاللہ جرمنی کے رسالہ ’’خدیجہ‘‘برائے2013ء نمبر1 میں محترمہ صاحبزادی امۃالقدوس صاحبہ کا خوبصورت نعتیہ کلام شامل اشاعت ہے۔ اس نعتیہ کلام میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:
وہ جو احمدؐ بھی ہے اور محمدؐ بھی ہے
وہ مؤیَّد بھی ہے اور مؤیِّد بھی ہے
وہ جو واحد نہیں ہے پہ واحد بھی ہے
اک اُسی کو تو حاصل ہوا یہ مقام
اُس پہ لاکھوں درود اُس پہ لاکھوں سلام
مرد کے بس میں تھی عورتوں کی حیات
اس نے ہر ظلم سے ان کو دی ہے نجات
اس نے عورت کی تکریم کی کر کے بات
کہہ دیا میں ہوں رحم و کرم کا امام
اُس پہ لاکھوں درود اُس پہ لاکھوں سلام
زندہ رہنے کا عورت کو حق دے دیا
اس کے اُلجھے مقدر کو سلجھا دیا
خُلد کو اس کے قدموں تلے کر دیا
اس نے عورت کو بخشا نمایاں مقام
اُس پہ لاکھوں درود اُس پہ لاکھوں سلام
کون کہتا ہے زندہ ہے عیسیٰ نبی
جس کی تعلیم زندہ ہو ، زندہ وہی
جس کا ہر قول تازہ ہے سنّت ہری
اس کو حاصل ہوئی ہے بقائے دوام
اُس پہ لاکھوں درود اُس پہ لاکھوں سلام