ٹیلی گرام کے آخری ایّام
(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 6 مئی 2022ء)
روزنامہ’’الفضل‘‘ربوہ 31؍اگست 2013ء میں محترمہ زاہدہ حنا صاحبہ کا ایک دلچسپ کالم اخبار ’’ایکسپریس‘‘ کی ایک اشاعت سے منقول ہے۔
ٹیلی گرام (المعروف تار) کی ایجاد امریکہ کے سیموئیل مورس نے 1837ء میں کی۔ 11؍جولائی 1838ء کو ایک پیغام تار کے ذریعے دو میل کے فاصلے پر بھیجا گیا۔ 24؍مئی 1844ء کو مورسؔ نے واشنگٹن سے بالٹی مور ایک پیغام روانہ کیا جس کا مفہوم تھا: ’’خدا نے ہم سے کیا کام کرایا۔‘‘
بعدازاں تار کا ذکر ادب میں اتنی کثرت سے ہوا کہ گویا یہ انسانی زندگی کا حصہ بن گیا۔ اردو اور انگریزی کے ناول اور افسانے تار کے ذکر سے بھرے ہوئے نظر آتے ہیں۔
ویسے تاریخ کا مختصر ترین تار مشہور ادیب آسکروائلڈ نے اُس وقت بھیجا جب وہ برطانیہ میں اپنے پبلشر سے پوچھنا چاہتا تھا کہ اُس کی کتاب کو کس حد تک پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ تار فقط سوالیہ نشان ’’؟ ‘‘ پر مشتمل تھا۔ پبلشر نے جوابی تار میں استعجابی علامت ’’!‘‘ آسکروائلڈ کو ارسال کی۔
اسی طرح امریکی مصنّف مارک ٹوائن کو لندن سے ایک ٹیلی گرام اُس وقت ارسال کرنا پڑا جب اُسے معلوم ہوا کہ اُس کی موت پر ایک تعزیت نامہ شائع ہوا ہے۔
1903ء میں رائیٹ برادران نے ہوائی جہاز کی جو پہلی پرواز کی اُس کا اعلان بھی انہوں نے ٹیلی گرام کے ذریعے کیا۔
ٹائی ٹینک جہاز کے ڈوبنے کا واقعہ بھی تاریخی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔ 15؍اپریل1912ء کو جہاز سے بھیجے جانے والے آخری تار میں یوں مدد مانگی گئی تھی:
“SOS SOS CQD CQD Titanic”
پہلی جنگ عظیم میں امریکہ کی شمولیت کی وجہ بھی ایک تار بنا جو برلن سے 17؍جنوری1917ء کو میکسیکو بھیجا گیا تھا جسے امریکیوں نے پکڑلیا۔ اس تار میں میکسیکو پر زور دیا گیا تھا کہ وہ جرمنی کا اتحادی بن جائے۔ چنانچہ امریکی صدر ولسن نے اس ٹیلی گرام کو عالمی جنگ میں امریکہ کی شمولیت کے لیے رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لیے استعمال کیا۔
اسی طرح ایک شخص ڈاکٹر کریپن جو برطانیہ میں اپنی بیوی کو قتل کرکے اپنی محبوبہ کے ساتھ کینیڈا فرار ہورہا تھا، اُسے بحری جہاز کے کپتان نے پہچان لیا اور پھر لندن میں پولیس کو اس بارے میں ٹیلی گرام روانہ کردیا۔ چنانچہ برطانوی پولیس ایک زیادہ تیزرفتار بحری جہاز کے ذریعے کینیڈا پہنچی اور وہاں پہنچنے پر کریپن کو گرفتار کرلیا گیا۔
میڈیا کے نئے ذرائع کے بڑھتے ہوئے استعمال کے نتیجے میں ٹیلی گرام نے اپنی وقعت کھودی تھی چنانچہ امریکی کمپنی گلوب وائرلیس کی طرف سے 12؍جولائی1999ء کو آخری ٹیلی گرام امریکی صدر بل کلنٹن کو بھیجا گیا جو 95؍الفاظ پر مشتمل تھا اور اس میں کمپنی نے ٹیلی گرام بھیجنے کی اپنی خدمات کے خاتمے کی خبر دی تھی۔
برطانیہ میں ٹیلی گرام کا آغاز 1845ء میں ہوا۔ دس سال بعد برصغیر میں ٹیلی گرام کو ایسٹ انڈیا کمپنی نے متعارف کروایا جب کلکتہ اور ڈائمنڈ بندرگاہ کے درمیان ٹیلی گرام بھیجنے کا تجربہ کیا گیا۔ اس کے بعد صرف تین سال کے اندر ہندوستان کے بڑے بڑے شہر چار ہزار میل تک کیبل ڈالنے کے نتیجے میں باہم منسلک ہوگئے۔ ایک وقت تھا کہ ہندوستان میں تارگھروں کی تعداد 45ہزار تھی اور سوا لاکھ کارکن اس سے منسلک تھے۔ 1857ء میں جنگ آزادی کو ناکام بنانے میں ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرف سے بھیجے جانے والے تار فیصلہ کُن ثابت ہوئے۔ ہندوستان میں آخری تار 14؍جولائی 2013ء کو روانہ کیا گیا اور اگلے روز اس سروس کا خاتمہ ہوگیا۔