چند مشہور مسلمان جغرافیہ دان (3)

(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 30؍ستمبر2024ء)

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 17؍دسمبر 2014ء میں چند مشہور مسلمان جغرافیہ دانوں کا تذکرہ شامل اشاعت ہے۔

ابن سینا

٭…ابن سینا : ان کا مکمل نام علی الحسین بن عبداللہ بن الحسن بن علی بن سینا (980تا 1037عیسوی) اور لقب ’’الشیخ الرئیس‘‘ ہے۔ ممتاز طبیب اور فلسفی ہیں مگر جغرافیہ کے میدان میں بھی کافی کام کیا۔ ان کا حافظہ بہت تیز تھا۔ اکیس سال کی عمر میں پہلی کتاب لکھی۔ کُل 21 بڑی اور 24 چھوٹی کتابیں لکھیں۔ جغرافیہ میں انہوں نے پہاڑوں کا بننا، موسموں کے اتارچڑھاؤ اور زمین میں آنے والی تبدیلیوں پر کافی تحقیق کی۔
٭…ابن الہیثم : ان کا پورا نام ابو علی الحسن بن الہیثم ہے۔ عراق کے شہر بصرہ میں 965ء میں پیدا ہوئے اور وفات 1039ء میں پائی۔ وہ طبیعات، ریاضی، انجینئرنگ، جغرافیہ، فلکیات اور علم الادویات کے مایہ ناز محقق تھے۔ ان کی وجہ شہرت آنکھوں اور روشنی کے متعلق تحقیقات ہیں۔ ریاضی میں اپنے زمانے کے استاد تھے۔ آپ نہ صرف کثیر التصنیف تھے بلکہ زاہد بھی تھے۔ سائنس کے مختلف شعبوں میں 237 کتب لکھیں۔
٭…المسعودی : مشہور مسلم مؤرخ، جغرافیہ دان اور سیاح المسعودی بغداد میں 896ء میں پیدا ہوئے اور 956ء میں وفات پائی۔ اس عظیم سیاح نے پہلا سفر ایران کا کیا۔ وہاں سے ہندوستان آکر سندھ اور ملتان کی سیر کی۔ پھر مغربی ساحلوں کے ساتھ ساتھ کوکن اور مالابار سے ہوتے ہوئے لنکا پہنچے۔ وہاں سے ایک تجارتی قافلے کے ساتھ چین گئے اور واپسی پر زنجبار اور مشرقی افریقہ کے ساحلوں کی سیر کرتے ہوئے مڈغاسکر پہنچے۔ یہاں سے جنوبی عرب اور عمان ہوتے ہوئے بغداد واپس پہنچے۔ آپ نے 20 سے زائد کتب تصنیف کیں لیکن افسوس کہ آج صرف دو کتابیں ’’مُرُوْجُ الذَّہَبِ‘‘ اور ’’التَّنْبِیْہُ وَالْاِشْرَافُ‘‘ محفوظ ہیں۔ تاہم ان کتابوں کے مطالعے سے چوتھی صدی ہجری کی زندگی آئینے کی طرح سامنے آجاتی ہے اور اس دَور کی تہذیب و تمدّن کا نقشہ کھنچ جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں