چند پھلوں کے حیرت انگیز فوائد – جدید تحقیق کی روشنی میں

چند پھلوں کے حیرت انگیز فوائد – جدید تحقیق کی روشنی میں
(محمود احمد ملک)

٭ طبی ماہرین نے کہا ہے کہ پھل اور سبزیاں سرطان کی بعض اقسام کے امکانات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق سبزی خور افراد کی ایک بہت بڑی تعداد کینسر کے حملے سے محفوظ رہتی ہے۔ سبزیوں اور سرطان کی بیماری کے درمیان تعلق پر ہونے والی اس تحقیق میں 52ہزار 700 مردوں اور خواتین کا معائنہ کیا گیا تھا اور اُن کی روزمرّہ خوراک کے حوالے سے جائزہ لیا گیا تھا۔ ان افراد کی عمریں 20سے 89سال کے درمیان تھیں۔ ماہرین نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ روزانہ پھل اور سبزیاں کھانے والے افراد میں 5اقسام کی پروٹینز ہوتی ہیں جن کی موجودگی میں سرطان کے امکانات میں خاطر خواہ کمی واقع ہوتی ہے۔ سبزیوں کے بعد مچھلی کھانے والے لوگوں میں بھی سرطان کے امکانات کم دیکھے گئے ہیں۔
٭ نزلے زکام میں انار کا جوس پینا انتہائی مفید ہے۔ اس مطالعے کے تجرباتی عمل میں بعض مریضوں کو چار سے پانچ دن تک روزانہ انار کے جوس کے دو گلاس پلائے جاتے رہے اور اس کے نتیجے میں یہ ثابت ہوا کہ اِن مریضوں کے جسم میں نزلہ زکام کے جراثیم کی پیداوار اور اُن کا پھیلاؤ رک گیا۔ ماہرین نے معلوم کیا ہے کہ انار کا جوس اور اس کے بیچوں میں موجود مدافعتی خصوصیات، نزلہ زکام کے علاوہ متعدد بیماریوں کا باعث بننے والے آکسیجن کے آزاد ذرّات کو بھی ختم کردیتی ہیں۔
٭ ایک طبّی تحقیق میں قدرتی غذاؤں میں صحت کے لئے مفید ترین پھل سیب قرار دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ ریسرچ ناروے میں ہونے والی تحقیق میں سیب کے اندر اہم ’’اینٹی اوکسی ڈینٹ‘‘ عناصر کا پتہ چلایا گیا۔اور سپر کیمیکل پولی فینول جو کہ پھلوں کا ایک اہم عنصر ہوتا ہے، یہ عنصر سیب میں دیگر پھلوں کی نسبت 5گنا زیادہ دیکھا گیا ہے۔
٭ کیلا نہ صرف کئی غذائی فائدوں کا حامل ہے بلکہ ایک تحقیق کے مطابق یہ موڈ کو خوشگوار بنانے اور سگریٹ نوشی سے چھٹکارا پانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ کیلے پر کی جانے والی اس تحقیق کے مطابق یہ پھل توانائی میں اضافے کا بہترین ذریعہ تو ہے ہی لیکن اس میں ایک خاص پروٹین ہوتا ہے جو انسانی جسم میں جا کر serotonin میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ اور یہ وہ ہارمون ہے جو انسان کو خوش باش رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ کیلے میں آئرن، پوٹاشیم اور میگنیشیم بھی ہوتا ہے۔ اور یہ عناصر سگریٹ نوشوں میں نکوٹین کے مضر اثرات کو کم کرتے ہیں۔ چنانچہ جو لوگ سگریٹ نوشی ترک کرنا چاہتے ہیں، کیلا ان کے لئے مددگار ثابت ہوتا ہے۔ طبی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ روزانہ دو کیلے کھانے سے جسم میں پوٹاشیم کی کمی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
٭ انگلستان کی مانچسٹر یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ روزانہ ایک گلاس سنگترے کا رَس پینے سے گٹھیا کے مرض سے تحفظ حاصل ہوسکتا ہے۔ 1993ء سے 2001ء تک 25 ہزار افراد کے مطالعے اور مشاہدے سے یہ ثابت ہوا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال کرنے والوں میں گٹھیا کے مرض کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت پھل اور سبزیاں استعمال نہ کرنے والوں کے مقابلے میں زیادہ پائی گئی ہے۔ محققین کے مطابق پھلوں اور سبزیوں میں پائے جانے والے مختلف کیروٹینائیڈز گٹھیا سے تحفظ فراہم کرتے ہیں جو پھلوں اور سبزیوں سے بہ آسانی فراہم ہوسکتے ہیں۔ یہ کیروٹینائیڈز صحت مند افراد کے مقابلے میں گٹھیا کے مریضوں میں نمایاں کم پائے گئے ہیں۔
٭ ریپبلک آف کوریا کی ہیلم یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک جدید طبی تحقیق کے نتیجے میں بتایا گیا ہے کہ جنگلی بیروں میں قدرت نے ایک ایسا عنصر رکھا ہوا ہے جو جلد کے سرطان کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس تحقیق کے دوران اس مادے کو جلد کے گلنے سڑنے اور سوزش کے عمل پر بھی آزمایا جا چکا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر یانگ ہی کانگ نے اپنی اس تحقیق کے نتائج کو ’’پریکٹیکل بیالوجی کے سالانہ اجلاس 2009ء‘‘ میں پیش کیا ہے۔
اس عنصر کو ’’یوویB-‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور اس کی مدد سے دھوپ کی شعاعوں کے بداثرات سے بھی جسم کو محفوظ رکھنا ممکن ہے۔ دنیا کی اکثر کاسمیٹکس کمپنیاں اس عنصر کو اپنی بیوٹی کریموں میں استعمال کررہی ہیں کیونکہ اس مادے میں جلد پر ظاہر ہونے والی قریباً ہر قسم کی الرجی کو روکنے کے لئے، نہ صرف، جسم کے اندر مخصوص ردّعمل پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہوتی ہے۔ بلکہ یہ عنصر جلد پر پیدا ہونے والی جھریوں کو ختم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں