کرکٹ کے دلچسپ ریکارڈ
ماہنامہ ’’خالد‘‘ ربوہ اکتوبر 2002ء میں مکرم قیصر محمود صاحب نے کرکٹ کے بعض دلچسپ ریکارڈ بیان کئے ہیں۔
٭ ویسٹ انڈیز کے سر گیری سوبرز کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اوور میں چھ چھکے لگانے کا اعزاز حاصل ہے۔ یہ کارنامہ بعد میں انڈیا کے روی شاستری نے 1984ء میں دہرایا۔ تاہم انٹرنیشنل میچ میں اب تک صرف چار چھکے ہی لگ سکے ہیں۔ ٹیسٹ میچ میں انڈیا کے کپیل دیو اور وَن ڈے میں سری لنکا کے جے سوریا کو یہ اعزاز حاصل ہوا۔
٭ دسمبر 1988ء میں آسٹریلیا کے فاسٹ بالر میرووہیوز نے ٹیسٹ کرکٹ میں انوکھی ہیٹ ٹرک تین اوورز میں مکمل کی۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلتے ہوئے اُس نے اپنے ایک اوور کے آخری بال پر کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پھر اگلے اوور کی پہلی بال پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا آخری کھلاڑی آؤٹ کیا۔ پھر جب ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز شروع کی تو ہیوز نے اپنی پہلی بال پر ایک اَور کھلاڑی کو آؤٹ کردیا۔
٭ 8؍دسمبر 2001ء کو سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان یادگار وَن ڈے میچ کھیلا گیا جس میں کئی عالمی ریکارڈ بنے۔ زمبابوے کی ٹیم صرف 38 رنز پر آؤٹ ہوگئی جو کسی بھی ٹیم کا کم سے کم اسکور ہے۔ سری لنکا کے چمنڈاواس نے زمبابوے کے 8 کھلاڑیوں کو صرف 19 رنز دے کر آؤٹ کیا جو وَن ڈے کا بہترین بالنگ ریکارڈ ہے۔ صرف 20 اوورز میں میچ کا فیصلہ ہوگیا اور کُل 108 منٹ صَرف ہوئے ، میچ میں مجموعی اسکور صرف 78 تھا۔ یہ سب ریکارڈ ہیں۔ سری لنکا کو ملنے والا ٹارگٹ صرف 2ئ4 اوورز میں حاصل ہوگیا اس طرح یہ وَن ڈے کرکٹ کی تاریخ کا تیز ترین فتح کا بھی ایک ریکارڈ تھا۔
٭ ٹیسٹ کا مختصر ترین میچ 1932ء میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا گیا جس میں جنوبی افریقہ نے دونوں اننگز میں 36 اور 45 اسکور کیا۔ آسٹریلیا نے ایک ہی اننگ میں 153 رنز بنائے اور اس طرح یہ میچ ایک اننگ اور 72 رنز سے جیت لیا۔ اس میچ کا مجموعی وقت پانچ گھنٹے 53 منٹ تھا۔
٭ 30-1929ء میں انگلینڈ کی دو قومی کرکٹ ٹیموں نے بیک وقت نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلیں۔